این اے 65: فاتح امیدوارچودھری سالک کی جیتی نشست داؤ پرلگ گئی

انتخابی حلقے کے3 پولنگ اسٹیشنوں پرنہ خواتین ایجنٹ تھیں اور نہ ہی خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے، انتخابی قوانین کے تحت الیکشن میں 10 فیصد خواتین کے ووٹ ڈالنا لازم قرار دیا گیا ہے، ڈی آر او کی تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:51

این اے 65: فاتح امیدوارچودھری سالک کی جیتی نشست داؤ پرلگ گئی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے چکوال این اے 65 سے فاتح امیدوار چودھری سالک حسین کی جیتی نشست داؤ پر لگ گئی، این اے 65 چکوال کے3 پولنگ اسٹیشنوں پرنہ خواتین ایجنٹ تھیں اور نہ ہی خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے، جبکہ انتخابی قوانین کے تحت الیکشن میں 10 فیصد خواتین کے ووٹ ڈالنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چیف الیکشن کمیشن کوارسال کردی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این اے 65 چکوال کے3 پولنگ اسٹیشنوں پرخواتین نے ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔ انتخابی عمل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ مزید بتایا گیا ہے کہ این اے65 کے3 پولنگ اسٹیشنوں پرپولنگ ایجنٹ تھیں نہ خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے۔ تاہم ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 65 چکوال میں دوبارہ انتخابات ہوں گے یا نہیں فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے ضمنی انتخابات 2018ء میں این اے چکوال 65 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت کے بیٹے چودھری سالک نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ چودھری سالک حسین نے ایک لاکھ 917 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل امیدواروں جن میں تحریک لبیک کے محمد یعقوب نے 32326 اورپی جے ڈی پی کے محمد عمر نے صرف 1745 ووٹ لے سکے۔ تاہم اب خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ کرنے سے چودھری سالک کی نشست خطرے میں پڑ گئی ہے۔

مسلم لیگ ق نے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی کل 11 نشستوں میں 2 جیتی ہیں۔ مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے جنرل الیکشن میں این اے 65 چکوال اور این اے 69 گجرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔ جبکہ پرویز الٰہی نے حکومت سازی کے موقع پرپنجاب اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھی اور قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں چھوڑ دی تھیں۔

ضمنی الیکشن میں پرویز الٰہی کی چھوڑی ہوئی دونوں نشستیں جن میں این اے 65 چکوال اور این اے 69 گجرات شامل ہیں ۔ ان میں این اے 65 چکوال میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چودھری سالک حسین نے الیکشن لڑا۔ اوراین اے 69 گجرات سے پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا۔انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ق نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔