اظہرعلی مضحکہ خیز طریقے سے آئوٹ، سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے

جمعرات 18 اکتوبر 2018 17:41

اظہرعلی مضحکہ خیز طریقے سے آئوٹ، سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز کرکٹر اظہر علی مضحکہ خیز انداز میں آئوٹ ہونے پر مذاق کا نشانہ بن گئے ۔64 رنز بنانے والے اظہر علی نے پیٹر سڈل کی گیند پر سلپ کی جانب شاٹ کھیلا اور بول تیزی سے بانڈری لائن کے پاس جا کر رک گئی اور دونوں بلے باز ایک دوسرے کے ساتھ بات کرنے کے لیے کریز کے درمیان کھڑے ہوگئے۔

امپائر نے نہ بائونڈری کا اشارہ کیا اور نہ ہی فیلڈرز نے بائونڈری ہوجانے پر مایوسی کا اظہار کیا لیکن دونوں بلے باز پچ کے درمیان کھڑے ہوکر چوکے کا ’’جشن‘‘منانے لگے۔اسی اثنا میں فیلڈر نے بائونڈری سے بول اٹھا کر امپائر کے گلپس میں تمھائی اور وکٹ کیپر آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے اظہر علی کو رن آئوٹ کیا، لیکن پھر بھی بیٹسمین کو رن آئوٹ ہونے کا یقین نہ آیا اور وہ ادھر ادھر دیکھتے رہے۔

(جاری ہے)

66ٹیسٹ اور 55ایک روزہ میچز کھیلنے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان تھوڑی دیر کے لیے اس بات سے لاعلم رہے کہ جب تک گیند بائونڈری لائن سے نہ ٹکرائے اس وقت تک چوکا نہیں ہوتا، یہی نہیں اسد شفیق بھی ان کی رہنمائی کرنے سے قاصر دکھائی دیئے ۔اظہر علی کے مضحکہ خیز طریقے سے آئوٹ ہونے پر کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مختلف تبصرے بھی کر رہے ہیں، فلوز نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ایسا اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔احمر نقوی نامی ٹوئٹر صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی بلے بازوں کی مضحکہ خیز طریقے سے آئوٹ ہونے کی طویل فہرست ہے لیکن اظہر علی نے پہلے 5نمبروں میں جگہ بنالی ہے۔