امن قائم کرنے میں پولیس اور رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراعلی شاہ

پاس آٹ ہونے والے اہلکاروں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ہمیں اپنی فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے، پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:21

امن قائم کرنے میں پولیس اور رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعلیٰ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراعلی شاہ نے کہا ہے کہ امن کے قائم کرنے میں پولیس اور رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، فخر سے کہہ سکتا ہوں سندھ پولیس دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے، ہمیں اپنی فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بحیثیت مہمان خصوصی شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں ایلیٹ پولیس کے 40 ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر آئی جی سندھ کلیم امام و دیگر اعلی پولیس افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 760 تربیت یافتہ جوانوں کی شمولیت سے پولیس کی کارکردگی بڑھے گی، اہلکاروں کو دیکھ کر دلی اطمینان ہوا کہ ہماری عوام کی جان و مان کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 210 سے زائد پولیس افسر، جوان قوم کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 90 ء کی دہائی میں یہ پولیس ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں آیا تھا اور آج تک 50 ہزار سے زائد جوانوں کو تربیت دے چکا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے پاس آئوٹ ہونے اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور سخت محنت کرنے اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں پر بھی نظرثانی کریں گے۔ انہوں نے ٹریننگ سینٹر کی ہائی کمان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرکے موجودہ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنا اور پولیس اہلکاروں کو اتنی بہترین سہولیات کے ساتھ جدید تربیت فراہم کرنا واقعی ایک قابل قدر کارنامہ ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ہماری حکومت پولیس کی تربیت میں کافی دلچسپی لے رہی ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ حکومت کا بھرپور تعاون شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کو حاصل رہے گا۔ آخر میں انہوں نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کے کمانڈنٹ تنویر عالم اوڈھوکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمان میں اتنی مستعد پولیس فورس تیار ہورہی ہے جو ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تقریب میں چاق وچوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی جبکہ پاس آوٹ ہونے والے اہلکاروں نے تربیت کا شاندار عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ دوران تربیت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔