حق خود ارایت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیںگی، میر واعظ فورم

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:21

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق خود ارایت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیںگی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجما ن نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر کے علاقے فتح کدل میں شہید ہونے والے نوجوانوں رئیس احمد صوفی ، شہید معراج الدین بنگرو اور شہید فہد فیاض وازہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ وادی میںانسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

انہوںنے کہا کہ بیش بہا قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری آزادی کی منزل سے ہمکنار ہونگے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے فتح کدل میں آپریشن کے دوران صحافیوں پر تشدد کی بھی شدید مذمت کی۔ میر واعظ عمر فاروق نے جنہیں قابض انتظامیہ نے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر رکھا ہے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے انکے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔

دریں اثنا جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں تحریک حق خودارادیت کا انمول اثاثہ ہیں جس کی ہر حال میں حفاظت کی جائے گی۔تنظیم کاکہنا ہے کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر واستبداد کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب ہوگا۔ عوامی مجلس عمل کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں رئیس احمد صوفی ، شہید معراج الدین بنگرو اور شہید فہد فیاض وازہ کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہید رئیس احمد صوفی کے والد خواجہ حبیب اللہ صوفی عوامی مجلس عمل کے ایک سرگرم کارکن ہیں اور انہوں نے بھارت فورسز کے ہاتھوں اب تک بے انتہا صعوبتیں اور سختیاں جھیلیں ہیں ۔

بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری قتل و غارت ، گرفتاریاں، حریت رہنمائوں اور کارکنوں پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ اور انہیں جموں خطے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا قانون نافذ اور فوجی راج قائم ہے ۔بیان میں عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق، سید علی شاہ گیلانی، محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گھروں ، تھانوں اور جیلو ں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

دریں اثنا عوامی مجلس عمل کے ساتھ وابستہ صوفی مشتاق احمد ، فاروق احمد، ساحل احمد اور دیگر نے شہید رئیس احمد ، شہید معراج الدین بنگرو اور شہید فہد فیاض کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔