مقبوضہ کشمیر میں ہر طرف ریاستی طاقت اور جبر کا دور دورہ ہے، مشترکہ حریت قیادت

بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے بڑے پیمانے پر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے‘سید علی گیلانی ‘ میرواعظ عمرفاروق اورمحمد یاسین ملک

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہر طرف ریاستی طاقت اور جبر کا دور دورہ ہے اور قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگرمیںجاری ایک بیان میں کشمیری نوجوانوں کے پے در پے قتل، غیر قانونی گرفتاریوں، حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام نوجوانوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے نفاذ ، مکانوں کو تباہ کرنے، طلباء کو ہراساں کرنے ، صحافیوں پر حملوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانے کیلئے بڑے پیمانے پر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بدھ کے روز سرینگر کے علاقے فتح کدل میں تین نوجوان رئیس حبیب اللہ ، معراج دین اور فہد مشتاق کے بہیمانہ قتل اور ایک رہائشی مکان کی تباہی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیریوںکے خلاف بھارتی مظالم میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ مشترکہ قیادت نے مزید کہا کہ آزادی پسند کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں مقبوضہ وادی سے باہر دور دراز کی جیلوں میں منتقل کیا جاتا ہے جبکہ طلباء کو جبر و استبداد کے خلاف آوازبلند کرنے سے روکنے کیلئے یونیورسٹیاں اور کالجز بند کر دیے جاتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی ریاستوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں اور بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جاتا ہے جبکہ کشمیری صحافیوں اورفوٹوجرنلسٹوں کو بھی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران تشددکا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کشمیری نوجوانوں کے قتل اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی کال پر آج بروز جمعرات مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔