سانحہ کارساز،آمریت اور دہشتگردوں نے بے نظیر کو نشانہ بنایا‘ بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی ،اسے مضبوط بنانے کی جدوجہد کے دوران خون کے دریا پار کیے ‘شہداء کو خراج عقیدت پیش سانحہ کارساز پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے بے مثال قربانیوں کی یاد کا دن ہے،شہید جمہوریت کے روشن ستارے ہیں ‘آصف زرداری ، خورشید شاہ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:50

سانحہ کارساز،آمریت اور دہشتگردوں نے بے نظیر کو نشانہ بنایا‘ بلاول ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آمریت اور دہشتگردوں نے بے نظیر کو نشانہ بنایا۔انہوں نے سانحہ کارساز کی 11 ویں برسی پر شہداء کو خراج عقیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آمریت اور دہشتگردوں نے گٹھ جوڑ کے تحت اس ٹرک کو نشانہ بنانے کی سازش کی جس میں شہید بی بی اور پارٹی قیادت سوار تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو سانحہ کارساز کے بعد جام شہادت نوش کرنے تک آمریت اور دہشتگردی کو چیلنج کرتی رہیں۔پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی اور اسے مضبوط بنانے کی جدوجہد کے دوران خون کے دریا پار کیے ہیں،پیپلز پارٹی اپنے ان شہدا کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے، جنہوں نے آمریت اور دہشتگردوں کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جان دی۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہید جمہوریت کے روشن ستارے ہیں ،شہدا جمہوریت کی قربانیوں سے جمہوریت کا سورج طلوع ہوا انکی قربانی رائیگاں نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے پر ثابت قدم ہیں ،آئین اور جمہوریت کا دفاع کرتے رہیں گے ۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ کارساز پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے بے مثال قربانیوں کی یاد کا دن ہے، آئین اور جمہوریت کا دفاع کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ 18اکتوبر 2007ء کو سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر کراچی میں نکالی گئی ریلی میں بم دھماکے میں 130 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔