ْپچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا‘ میاں محمود الرشید

قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی زمینیں بھی ہائوسنگ پراجیکٹ میں شامل کی جائیں گی‘ صوبائی وزیر ہائوسنگ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:09

ْپچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیرہائوسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ ملکی معیشت اور عوام کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ بیرونی سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں- -پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر:مشکلات اور مواقع کے موضوع پر ہونے والے ایک سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد سے لے کر اب تک تقریباًً ہر حکومت نے روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر ووٹ حاصل کیے لیکن کوئی اس وعدے کو پورا نہ کر سکا۔ موجودہ حکومت کے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں بنائی گئی ٹاسک فورس مکمل طور پر فعال اور متحرک ہے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اراضی کا حصول بھی جاری ہے ۔ کھربوں روپے مالیت کی زمینیں اس منصوبے میں شامل کی جا رہی ہیں جن میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران واگزار کرائی گئی زمینیں بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی منصوبے کی تفصیلات فائنل کی جا رہی ہیں ۔ بہت ساری چیزیں ابھی پائپ لائن میں ہیں تاہم ابھی سے قومی و بین الاقوامی سرمایہ کار اس منصوبے میں انویسٹمنٹ کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

منصوبے میں حکومت براہِ راست سرمایہ کاری نہیں کرے گی بلکہ صرف ایک ریگولیٹر کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اس منصوبے کے ذریعے نئی اور ماڈرن ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے جس سے مقامی انٖڈسٹری کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔