تمام محکمہ جات اپنی ٹرانسفر پالیسی کو حتمی شکل دیں،راجہ فاروق حیدرخان

نیلم ،جہلم اور کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹس سے متعلق وزیراعظم سے ملاقات کا مثبت اور حوصلہ افزا جواب آیا ہے ، تبادلہ سروس کا لازمی حصہ ہے تبادلے پر کسی ملازم کو مسئلہ نہیںہونا چاہیے،وزیراعظم آزادکشمیر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنی ٹرانسفر پالیسی کو حتمی شکل دیں، ٹرانسفر سروس کا حصہ ہے وزراء صاحبان ٹرانسفر پالیسی کی تشکیل میں کردار ادا کریں، نیلم جہلم اور کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹس سے متعلق وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کا مثبت اور حوصلہ افزاء جواب آیا ہے اس ایشو پررابطہ کاری کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، ہجیرہ کے ضمنی انتخابات میں حکومت اور اس کی مشینری مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گی ،لیگی حکومت کا پہلا ضمنی الیکشن ہے جسے متنازعہ نہیں بنانا چاہتے، جوڈیشل پالیسی کی تشکیل آزادکشمیر کی 70سالہ تاریخ میںبہت بڑی پیش رفت ہے ،سیکرٹریز حکومت پالیسی کی ترتیب میں وزراء سے مشاورت کریں اور ان سے رہنمائی لیں ،آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے آئندہ سال کو سیاحت کے سال کے طور پر منایا جائے گا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کابینہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تبادلہ سروس کا لازمی حصہ ہے تبادلے پر کسی ملازم کو مسئلہ نہیںہونا چاہیے جہاں بھی سرکاری ملازم کی ٹرانسفر ہو وہاں اسے بھرپور طریقے سے فرائض سر انجام دینے چاہیے محکمہ جات وزراء کی مشاورت سے ٹرانسفر پالیسی تشکیل دے کر اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم اور کوہالہ پراجیکٹ کے ایشوز پر وفاقی حکومت سے جو ملاقات ہوئی ہے اس کا مثبت جواب آیا ہے اور معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، آزادکشمیر میں آئندہ سال کو سیاحت کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان سے بھی بات چیت ہوئی ہے جنہوں نے آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، آزادخطہ کے اندر سیاحت کی ترقی کا وسیع پوٹینشل موجود ہے سیاحت کے شعبہ کی ترقی سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، آزادکشمیر میں بے ہنگم سیاحت نہیں ہو گی ریاست کے قدرتی ماحول کو بچانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے اور قدرتی ماحول کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو خواہشی تھی کہ عدل و انصاف کے نظام میںبہتری آئے اس مقد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی اس کمیٹی میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس ہائی کورٹ بھی شامل تھے کمیٹی نے جاندار اور موثر جوڈیشل پالیسی تشکیل دی ہے یہ جوڈیشل پالیسی عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے شاندار اور جامع جوڈیشل پالیسی کی تشکیل پر سارے کمیٹی ممبران بالخصوص چیف جسٹس سپریم کورٹ ،چیف جسٹس ہائی کورٹ اور سیکرٹری قانون مبارک باد کے مستحق ہیں کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے جاندار اصلاحاتی اقدامات کا براہ راست عوام الاس کو فائدہ پہنچنا چاہیے حکومت نے 2سال کے عرصہ میں عوام کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں محکمہ جات میں اصلاحات لائی گئی ہیں میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے جاندار فیصلے کیے گئے ہیں عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام شروع کیا گیا ہے ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ جب آئینی مدت پوری کریں تو آزاد کشمیر کے ہر گھر کی دہلیز تک بنیادی سہولیات موجود ہوں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کا یوم تاسیس 24اکتوبر شایان شان طریقے سے منایا جائے گا جبکہ 27اکتوبر کو بھارت کے خلاف بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائیں گے 27اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے کشمیر میں اپنی فوجیں اتاریں اور کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ۔