Live Updates

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات ۔

خطہ کی مجموعی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق بات چیت کی گئی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں خطہ کی مجموعی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی پرُ زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج نہتے معصوم شہریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام تر مظالم کے باوجود غیور و بہادر کشمیری عوام کا حق خودارادیت اور پاکستان سے وابستگی کا اظہار قابل دید ہے جس کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر سے متعلق ایک متحرک پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت دُنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز کشمیریوں کی اُمنگوں کے عین مطابق اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک مؤقف اپنانے پر حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جنرل اسمبلی کے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح مؤقف سے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب رہنے والوں کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نام نہاد مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوںکو شہید کر رہی ہے اور بھارتی فوج نے بزرگ اور خواتین سمیت درجنوں کشمیری رہنمائوں کو بھی قید کر رکھا ہے جو اس کی بوکھلاہٹ کی کھلی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مواقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کے جھنڈے لہرا کر پاکستان سے اپنی وابستگی کا کھلا اظہار کرتے ہیں۔

ملاقات میں آزاد کشمیر میں تعلیم و صحت اور سیاحت کے شعبوں کی ترقی کے حوالہ سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ کی ترقی کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کا ایک خاص وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو سیاحت کے شعبہ کے حوالہ سے بے پناہ صلاحیت حاصل ہے جس کو ایک بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں سیاحت کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون پیش کرے گی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کرنے کیلئے 200 کلومیٹر طویل ٹورازم کوریڈور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر میں شاہراہوں کی صورتحال سمیت دیگر مسائل سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے ان مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں عبوری آئین 1974ء کی 13ویں ترمیم سے متعلق بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 13 ویں ترمیم سے پیدا شدہ صورتحال کو تمام سٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میںاتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں وہ سمجھتے ہیں کہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن پر سب کا اتفاق رائے ہواور جس سے پاکستان اور آزادکشمیر کے باہمی رشتے مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔ اس سے قبل صدر آزاد کشمیر نے علی امین خان گنڈاپور کو وزارت امور کشمیر کا منصب سبنھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات