Live Updates

الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا

سابق وزیراعظم کی جانب سے اثاثوں کی مکمل تفصیلات جمع نہ کروانے پرنوٹیفیکیشن روکا گیا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:20

الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم کی جانب سے اثاثوں کی مکمل تفصیلات جمع نہ کروانے پر ضمنی انتخابات میں انکی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا۔تفصیلات کے مطابق 14 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ۔ قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں مسلم لیگ ن 4، تحریک انصاف4، مسلم لیگ ق 2، متحدہ مجلس عمل ایک جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشستوں میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشاہد خاقان عباسی لاہور سے این اے 124، خواجہ سعد رفیق این اے 131، اٹک سے ملک سہیل این اے 56، فیصل آباد سے علی گوہر بلوچ این اے 103سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اسی طرح گجرات این اے 69سے ق لیگ کے چودھری مونس الٰہی، این اے 65 چکوال سے چودھری سالک حسین کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی نواز این اے 53اسلام آباد، ٹیکسلا سے این اے 63 میں منصور حیات اور کراچی میں این اے 243سے عالم گیر خان نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اسی طرح این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی نے کامیابی سمیٹی۔ این اے 60راولپنڈی سے شیخ رشید کے بھتیجے راشد شیخ جیت گئے۔آج الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام اراکین اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے تاہم الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اثاثوں کی مکمل تفصیلات جمع نہ کروانے پرنوٹیفیکیشن روکا گیا ہے ۔یاد رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 124 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ضمنی انتخابات میں فتح سمیٹی تھی۔ شاہد خاقان عباسی نے تقریبا 45 ہزار کی برتری سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار غلام محی الدین دیوان کو شکست دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات