پاکستان اور اومان اپنی جغرافیائی قربت کو سامنے رکھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیں،صادق سنجرانی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:33

پاکستان اور اومان اپنی جغرافیائی قربت کو سامنے رکھتے ہوئے اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) ء چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے پاکستان اور اومان کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک اپنی جغرافیائی قربت کو سامنے رکھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیں ۔چیئرمین سینیٹ نے تجویز دی کہ گوادر اور مسقط کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بحری راستے کے ذریعے معاشی سرگرمیوںمیں تیزی لائی جا سکتی ہے اور دونوں ملک اس کے ثمرات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

اور سی پیک کے تحت گوادر پورٹ کے ذریعے ان مقاصد کو آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار اومان کے سفیر شیخ محمد عمر احمد الامرہون سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور اومان آپس میں تاریخی ،ثقافتی اور سماجی مماثلتوں میںجڑے ہوئے ہیں اوردونوں ملک اقتصادی روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اومان کیلئے وسطی ایشیائی ریاستوں تک گیٹ وے ہیں اور اومان تجارتی سرگرمیوں کیلئے پاکستان کو یورپی ممالک تک رسائی دے سکتا ہے ۔ پارلیمانی روابط کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے مابین بہتر روابط موجود ہیں۔ انہوں نے تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امیدکا اظہار کیا کہ اومان گوادر میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں اپنی شرکت کویقینی بنائے گااور یہ کانفرنس مختلف ممالک کے وفود کو باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی ۔ چیئرمین سینیٹ نے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔