پشاوریونیورسٹی واقعہ میں تمام فریقین کی آراء کومدنظررکھاجائیگا،وزیرقانون سلطان محمد

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:39

پشاور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پشاور یونیورسٹی میں رونما ہونے والے واقعہ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا دوسرا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی ممبران عارف احمد زئی ، خلیق الرحمان، نگہت اورکزئی اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ منظور احمد نے شرکت کی ،جبکہ پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف خان ،رجسٹرار زاہد گل، ڈپٹی رجسٹرار نورزادہ، چیف پراکٹر پروفیسر نوید اعظم ودیگر بھی اجلاس میں شریک تھے۔

صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی کے واقعہ میں تمام فریقین کی آراء کو مد نظر رکھ کر معاملہ کو فوری حل کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر کام کررہی ہے اور بہت جلد رپورٹ بنا کر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو پیش کریگی۔ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان نے پشاور یونیورسٹی کے وفد کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو درپیش مسائل کو سامنے رکھ کر کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

تاہم انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے طلباء کو سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہی یونیورسٹی کے حقیقی سٹیک ہولڈرز ہیں پشاور یونیورسٹی کے عہدیداران نے کمیٹی کو یونیورسٹی کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ طلباء کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی بھی قدم اٹھانے سے دریغ نہ کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی ایکٹ پر من وعن عمل کریں۔

متعلقہ عنوان :