Live Updates

سانحہ 18 اکتوبر شہداء کی یاد اور دہشتگردوں کی شکست کا دن ہے، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی

آج بھی اگر سانحہ 27دسمبر میں شہید بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا دی جائے تو سانحہ 18 اکتوبر میں سینکڑوں کارکنوں کے قاتلوں کا بھی سراغ مل جائے گا،پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس کے قائدین اور کارکنوں نے اس ملک میں جمہوریت کی بقاء اور سالمیت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:28

سانحہ 18 اکتوبر شہداء کی یاد اور دہشتگردوں کی شکست کا دن ہے، وزیر بلدیات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ سانحہ 18 اکتوبر شہداء کی یاد اور دہشتگردوں کی شکست کا دن ہے۔ آج بھی اگر سانحہ 27دسمبر میں شہید بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا دی جائے تو سانحہ 18 اکتوبر میں سینکڑوں کارکنوں کے قاتلوں کا بھی سراغ مل جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس کے قائدین اور کارکنوں نے اس ملک میں جمہوریت کی بقاء اور سالمیت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور آج ان ہی لواحقین اس پارٹی کو مضبوط کئے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح سانحہ 18 اکتوبر کے 11 سے زائد شہداء کی قبروں پر جو کہ اعظم بستی کے قبرستان میں سپرد خاک ہیں ان پر پھول اور فاتحہ خوانی کے بعد وہاں موجود میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے اقبال ساندھ، لالہ رحیم، فرحان غنی، فیصل میندرو، جانی میمن، معظم قریشی، محمد اقبال، چوہدری جاوید گجر، صابر گولہ، خالد رحیم خٹک اور دیگر سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے تمام شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ساتھ ہی انہوں نے چنیسر گوٹھ قبرستان میں بھی اس سانحہ کے مزید دو شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور وہاں بھی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سانحہ 18 اکتوبر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سانحہ تھا، جس میں سینکڑوں پیپلز پارٹی کے جانثاران بینظیر نے اپنی قائد کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور سینکڑوں کی ہی تعداد میں جیالے زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑی دہشتگردی کے باوجود آج بھی ان شہداء کے لواحقین بھی ہمارے قائدین کے لواحقین کی طرح پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ اس بات کی نشانی ہے کہ سانحہ 18 اکتوبر شہداء کی یاد کا دن تو ہے لیکن یہ دن دہشتگردوں کی شکست کا بھی دن ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ سانحہ 18 اکتوبر کے چند ہی ہفتوں کے بعد سانحہ 27 دسمبر میں ہماری شہید بہن بینظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا اور اس سانحہ کے کچھ قاتل گرفتار بھی ہوئے اور انہوں نے اس سانحہ کی ذمہ داری بھی قبول کی اور اس کے پش پشت اس وقت کے آمر پرویز مشرف کو اس کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے اور آج بھی یہ کیس ان پر ہے جبکہ عدالتوں نے ان تمام ملزمان کو جنہوں نے اس سانحہ کی ذمہ داری قبول کی تھی رہا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی سانحہ 27 دسمبر کے قاتلوں کو سزا مل جائے تو سانحہ 18 اکتوبر کے قاتل بھی خود بخود سامنے آجائیں گے کیونکہ دونوں سانحات کے تانے بانے ملتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میںصوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج بھی اس ملک میں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے اور احتساب کے نام پر سیاسی انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس ملک کی تمام جماعتیں اگر اس ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتی ہیں تو انہیں احتساب کو غیر جانبدارانہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف اپنی پارٹی کو چھوڑ کر تمام سیاسی جماعتوں کو چور اور ڈاکو قرار دے رہی ہے تو جب پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی اور ان میں جو وزراء تھے آج وہی وزراء ان کی جماعت میں شامل ہے تو انہیں اپنے آپ کو چور اور ڈاکو قرار دینا چاہیے۔

سانحہ کے شہداء کے ورثا کے معاوضے کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سانحہ کے تمام ورثاء کو معاوضہ اور زخمیوں کو بھی معاوضہ مل چکا ہے جبکہ شہداء کے لواحقین میں سے ایک ایک کو سرکاری نوکری اور گھر بھی دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جن میں سے سوائے چند ایک کے جن کے خاندانی مسائل ہیں ان کے علاوہ تمام کو گھر بھی پیپلز پارٹی نے فراہم کئے ہیں۔

بعد ازاں سعید غنی یادگار شہداء پہنچیں جہاں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آصفہ بھٹو، سید خورشید احمد شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، مکیش چاولہ، نثار احمد کھوڑو، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور تمام ڈسٹرکٹ کے صدور اور عہدیداران سمیت پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور خواتین ونگز کی عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر قرآن خوانی اور بعد ازاں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سعید غنی نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کی جانب سے اس تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات