سال گزر جانے کے باوجود سانحہ کارساز میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہیں کئے گئے، رکن اسمبلی عبدالجبار خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے سانحہ کارساز میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 سال گزر جانے کے باوجود اس سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے کوئی بھی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر سانحہ کارساز کے شہداء کیلئے منعقدہ تقریب اور فاتحہ خوانی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔

عبدالجبار خان نے کہاکہ بینظیربھٹو کی جلاوطنی کے بعد کراچی آمد پر لاکھوں کی تعداد میں پیپلزپارٹی کے کارکنان ملک بھر سے استقبال کیلئے پہنچے تھے جہاں دہشت گردوں نے محترمہ بینظیربھٹو کو جانی طورپر نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی تھی لیکن پارٹی کے جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر محترمہ بینظیربھٹو کی حفاظت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے ۔

خود پارٹی قیادت سے لے کر کارکنوں تک نے جس پیمانے پر جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے شہیدوں کی قربانیوں کے ثمرات ہیں کہ بڑے سے بڑے آمر بھی اسے ختم نہیں کرسکے اور آج بھی پیپلزپارٹی عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر دور میں پارٹی کارکنان قربانیوں کیلئے تیار رہتے ہیں اور جب بھی کبھی ملک پر یا پارٹی پر برا وقت آئے گا تو یہ کارکنان ہی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔