Live Updates

ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں درست ثابت ہونے لگیں

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد کئی لیگی رکن اسمبلی پارٹی کو خیرباد کہنے کی تیاری کرنے لگے، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان سے رابطہ کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اکتوبر 2018 21:42

ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں درست ثابت ہونے لگیں
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں درست ثابت ہونے لگیں، شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد کئی لیگی رکن اسمبلی پارٹی کو خیرباد کہنے کی تیاری کرنے لگے، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان سے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور وفاق کی سابقہ حکمراں جماعت مسلم لیگ ن میں بننے والے فارورڈ بلاک کی خبریں درست ثابت ہونے لگی ہیں۔

کچھ روز قبل پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا تھا کہ ن لیگ میں بہت بڑا فارورڈ بلاک بن چکا ہے۔ ن لیگ کے اندر لاوا پک رہا ہے جو جلد پھٹ جائے گا۔ اب اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ بہت حد تک درست ہے۔ ن لیگ کے اندر اراکین پنجاب اسمبلی کا ایک بڑا باغی گروپ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پنجاب کے وزیر بلدیات و سینئر وزیر علیم خان نے بھی تصدیق کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر بلدیات و سینئر وزیر علیم خان نے بتایا کہ ن لیگ کے کئی اراکین پنجاب اسمبلی ان سے رابطے میں ہیں۔ شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سے یہ لوگ ن لیگ کو خیرباد کہنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جس دن ن لیگ کے باغی اراکین پنجاب اسمبلی کو یہ یقین ہوگیا ہے کہ مستقبل قریب میں ان کی جماعت دوبارہ اقتدار میں آنے والی نہیں، اسی دن وہ اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر حکمراں جماعت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔ یوں پنجاب میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات