یو ای ٹی میں انرجی کنزرویشن پردو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:50

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور ایف ایس کے پرائیویٹ لمیٹڈ کے باہمی اشتراک سے انرجی ایفی شینسی اور کنزرویشن کے عنوان پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقادکیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد اورپریزیڈینٹ ایف ایس کے پرائیویٹ لمیٹڈ فاروق امجد میر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس میںڈائریکٹر سینٹر فار انرجی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وقار محموداور ایم ڈی ایف ایس کے پرائیویٹ لمیٹڈ رائو خالد احمد خان سمیت حکومتی، صنعتی، تحقیقی ماہرین اور غیر ملکی مندوبین بھی موجود تھے۔کانفرنس کا مقصد توانائی کے میدان میں درپیش چیلنجز اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے کے حوالے سے ریسرچ کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

مزید برآںانٹر نیشنل کانفرنس میں یونیورسٹی اور دیگر صنعتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔کانفرنس کی احتتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ در حقیقت توانائی کا استعمال اور بچائو انفرادی واجتماعی سوچ اور احساس میںتبدیلی سے ہی ممکن ہے جس سے یقینی طور پر گھریلو اور انڈسٹری کی سطح پر وسائل کے صرف کرنے اور مالی بچت میں اپنا کردار ادا کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب صارفین کوتوانائی فراہم کی جا رہی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے آلات استعمال میں لائے جائیں جو اپنی کارکردگی کی بناء پر کم سے کم توانائی صرف کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچا سکیں اس سلسلے میں نئی ایجادات کی کمی کو پورا کرنے کی مد میں جامعات اپنا بھرپور تعاون کریں تاکہ ملک کو اس بحران سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔

اس سے پہلے الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار نے کانفرنس کے مقاصد بیان کئے اور کہا کہ یو ای ٹی میں غیر ملکی ماہرین کا آنا خوش آئند ہے طلباء کو چاہیے کہ ان کے علم اور تجربے سے بھر پور فائدہ اٹھاکر ملکی ترقی کی راہیں ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔تقریب میں انٹرنیشنل سکالرز نے انرجی کے حوالے سے متعدد تحقیقی مقالہ جات بھی پڑھے ۔احتتامی تقریب میں سوشل نائٹ اور صوفی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میںشاندر پرفارمنس پیش کی گئیں۔اس کے علاوہ وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالدنے کانفرنس کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :