ایبٹ آباد یونیورسٹی جلد الحاق شدہ کالجز کے کورس کوآرڈینیٹرز کیلئے اورینٹیشن ڈے کا اہتمام

نصاب، کورس فورلڈز اور امتحانات پرچہ جات کی تیاری کے حوالہ سے تربیت دی جائے گی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی میں جلد الحاق شدہ کالجز کے کورس کوآرڈینیٹرز کیلئے اورینٹیشن ڈے کا اہتمام کر رہی ہے جس میں نصاب، کورس فورلڈز اور امتحانات پرچہ جات کی تیاری کے حوالہ سے تربیت دی جائے گی، یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کی ایویلوایشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بی ایس پروگرام اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے متعدد اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ اجلاس میں اکیڈمک ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر اقبال شاہ، ڈائریکٹر ٹریننگ پروفیسر ڈاکٹر بہادر شاہ، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر ایوب جدون، کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد علی، ڈاکٹر صغریٰ، پروفیسر الطاف خٹک کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں الحاق شدہ کالجز میں جاری بی ایس پروگرام کو یونیورسٹی میں جاری بی ایس پروگرام کے ہم پلہ بنانے اور اس کی افادیت کے حوالہ سے بحث کی گئی۔

اس موقع پر متعدد اہم فیصلے بھی کئے گئے جس کے مطابق اگلے ہفتہ کے دوران تمام الحاق شدہ کالجز کے کورس کوآرڈینیٹرز کی تربیت کیلئے اورینٹیشن ڈے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس میں کورس کوآرڈینیٹرز کو جدید تقاضوں کے مطابق کورس فولڈر کی تیاری، امتحانات و پرچہ جات کے حوالہ سے تیاری، ٹائم ٹیبل، نصاب اور دیگر امور کے حوالہ سے تربیت دی جائے گی جبکہ بی ایس پروگرام میں کورس یونیورسٹی اور کالجز میں یکساں بنانے کیلئے بھی پیپر ورک مکمل کرنے کا کہا گیا اور یہ تجویز بھی زیر غور آئی کہ الحاق شدہ کالجز اپنی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو یونیورسٹی کے اکیڈمک کلینڈر کے مطابق ڈھالنے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔

اس موقع پر وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یونیورسٹی کی طرح کالجز میں بھی معیار تعلیم کو بہتراور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور اس پر فوری طور پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالجز میں زیر تعلیم طلبہ بھی ہماری بچے ہیں اور یونیورسٹی کی طرح کالجز میں بھی معیار تعلیم کو مزید بہتر اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس سلسلہ میں کالجز کی طرف سے تعاون کرنے پر تمام پرنسپلز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم میں مثبت اصلاحات کیلئے کام کر رہی ہے جس سے نہ یہاں کے طلبہ بلکہ ان اصلاحات سے دیگر یونیورسٹیز بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ اجلاس میں شرکت کرنے پر انہوں نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ان کی طرف سے مثبت تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :