Live Updates

وفاق کو اس بات کاکوئی حق نہیں کہ وہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا کوٹہ کم کرنے کا اعلان کرے، مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب

پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبائی کوٹہ کم کرنے کا اعلان کرکے آمرانہ طرز عمل کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے،تمام فیصلے آئین کے مطابق ہی ہوسکتے ہیں فاٹا کا انضمام پاکستان پیپلزپارٹی کی جدوجہد کے نتیجے میں ممکن ہوا ہے اور پی پی فاٹا کی ترقی اور خوش حالی کی سب سے بڑی حامی ہے

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) سندھ کے مشیر اطلاعات ، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی نیوزکانفرنس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کو اس بات کاکوئی حق نہیں کہ وہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا کوٹہ کم کرنے کا اعلان کرے ۔مرتضی وہاب نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ این ایف سی کے حوالے سے تمام فیصلے آئین کے مطابق ہی ہوسکتے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبائی کوٹہ کم کرنے کا اعلان کرکے آمرانہ طرز عمل کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام پاکستان پیپلزپارٹی کی جدوجہد کے نتیجے میں ممکن ہوا ہے اور پی پی فاٹا کی ترقی اور خوش حالی کی سب سے بڑی حامی ہے، مرتضی وہاب نے کہا کہ فاٹا کی ترقی کے نام پر پسماندہ صوبوں کو مزید تباہی کی جانب دھکیلنا کہاں کی دانش مندی ہی انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے لئے اجلاس بلائے بغیر صوبوں کی مشاورت کے بغیر فیصلے جمہوری نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان صوبائی امور میں مداخلت کے مترادف ہے جس سے وفاقی حکومت باز رہے کیونکہ آئین میں صوبائی خودمختاری کی حدود متعین کردی گئی ہیں، این ایف سی ایوارڈ کا فارمولا آئین کا حصہ ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے آئین شکن اقدامات سے باز رہے ورنہ نتائج خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

دریں اثنامرتضی وہاب نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے بیان پر بھی سخت تنقید کی ہے ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اچانک بننے والے رہنما حلیم عادل شیخ اپنے قد سے اونچی بات کرنے سے گریز کریں، حلیم عادل شیخ 2007 میں ایک آمر کی چھاں تلے پرورش پارہے تھے، مرتضی وہاب نے کہا کہ چور دروازوں اور ڈکٹیٹروں کی گود میں پلنے والوں کا پیپلز پارٹی کوجمہوریت کے معنی سمجھانا مضحکہ خیز ہے، مرتضی وہاب نے کہا کہ جمہوری حکومت میں آمرانہ طرز سیاست کا لبادہ اوڑھے پی ٹی آئی عوام کو بے قوف سمجھنے کی کوشش کررہی ہے، طالبان کو دفاتر کھول کر دینے والے اور ان کے حمایتی کس منہ سے حب الوطنی کا دعوی کررہے ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین سمیت ہزاروں کارکنان نے جمہوریت کی خاطر جان کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات