Live Updates

کراچی کی بدنام زمانہ قبضہ مافیا پی ٹی آئی وزراء ورہنما اب تھر کی زمینوں پر پنجہ گاڑنا چاہتی ہے، سریندر ولاسائی

جعلی ہمدردی جتا کر تھر کی زمینوں پر قبضہ کرنے کا پلان بنایا جارہا ہے، اور تحریکِ انصاف کے رہنمائوں کا حالیہ دورہ اسی سازش کی کڑی ہے

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے تحریک انصاف کے وفاقی وزرا و دیگر رہنمائوں کے حالیہ دورہِ تھرپارکر کو لینڈ مافیا کا ایڈوانس سروے برائے قبضہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی بدنام زمانہ قبضہ مافیا اب تھر کی زمینوں پر پنجہ گاڑنا چاہتی ہے۔ اپنے بیان میں سریندر ولاسائی نے کہا کہ جب سے تھر میں کوئلہ نکلا ہے تھری عوام کے خلاف مافیا دشمنی پر اتر آئی ہے اور تھر کو سازش کے تحت دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ہمدردی جتا کر تھر کی زمینوں پر قبضہ کرنے کا پلان بنایا جارہا ہے، اور تحریکِ انصاف کے رہنمائوں کا حالیہ دورہ اسی سازش کی کڑی ہے۔ ایم پی اے سریندر ولاسائی نے مزید کہا کہ تھر کے خلاف پروپیگینڈہ کے پیچھے بھی لینڈ مافیا کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے بتایا جارہا کہ کوئلہ نکلنے اور پیپلز پارٹی حکومت سے پہلے تھر میں دودھ اور شہد کی ندیاں بہہ رہی تھیں۔ پی پی پی ایم پی اے کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کے 13 ارب روپے روکے ہوئے ہیں اور اسی رقم کے حصے سے تھر کے لئے ترقیاتی اسکیمیں بننی تھیں۔ سریندر ولاسائی نے کہا کہ رواں سال تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کر کے تھر میں معاشی انقلاب کی شروعات ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات