ماحول کو محفوظ بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے جلد ’’ری چارج پاکستان‘‘ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں

وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ ماحول کو محفوظ بنانا محض حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے جسے ہم نے نبھانا ہے۔ انہوں نے یہ بات آئی یو سی این (انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر) پاکستان کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی شاہ رٴْخ نصرت بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے وسائل سے مالا مال کیا ہے، ہمارے پاس جہاں ہمالیہ کے گلیشیئرز ہیں وہاں سرسبز و شاداب میدان بھی ہیں، سنہرے ساحل بھی ہیں۔ پاکستان میں آئی یو سی این کے سربراہ محمود اختر چیمہ نے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی یو سی این بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے بلوچستان حکومت، پاکستان نیوی، قومی ادارہ برائے سمندری حیات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر بہت سے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس جنگلی حیات، نباتات اور آبی حیات کے بہترین وسائل موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری عدم توجہ کے باعث بہت سی انواع ناپید ہوتی جا رہی ہیں لیکن ہم ماحولیات کے تحفظ کے ذمہ دار ہونے کے ناطے اپنے ماحول کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے شرکاء وفد سے کہا کہ ہم سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے جلد ’’ری چارج پاکستان‘‘ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، آئی یو سی این اس کار خیر میں ہمارے ساتھ شامل ہو سکتی ہے۔ مشیر وزیراعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا کہ ماحول کا تحفظ ہمارا مشترکہ مقصد ہے جس کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ ہم جلد اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو سکیں۔