Live Updates

حکومت کے 60 دن مکمل

وزیراعظم عمران خا ن نے وزراء سے 60 روزہ کاکردگی کی رپورٹ مانگ لی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:58

حکومت کے 60 دن مکمل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18 اکتوبر 2018ء) : وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 60 دن ختم ہونے پر وزراء سے 60 روزہ کاکردگی کی رپورٹ مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو بنے ہوئے 2 ماہ مکمل ہو چکے ہیں ۔اس عرصے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لیے انتہائی پر عزم نظر آتی ہے۔

اس سلسلے میں جہاں تحریک انصاف کی حکومت مقبول فیصلے کرکے عوامی حمایت سمیٹ رہی ہے وہیں تحریک انصاف کی حکومت کو کچھ سخت فیصلے بھی کرنے پڑ رہے ہیں جس کے باعث عوام خاصی بے چین نظر آتی ہے۔اس ساری صورتحال میں پاکستان تحریک انصاف کو سب سے زیادہ جس پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ ملک کے معاشی حالات ہیں۔ملک میں دن بدن ڈالرز کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بعد ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے۔آج حکومت کو قائم ہوئے 60 دن مکمل ہو چکے ہیں اور اس موقع پروفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت نے شرکت کی، اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ عمران خان نے تمام وزراء سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے کتنا کام کیا گیا، جبکہ وزراء کو آئندہ 40 روز کا پلان بھی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ 100 روزہ مرحلہ وزراء کے لیے بھی ٹیسٹنگ فیز ہے اور جو وزراء کام کریں گے وہ رہیں گے اور جو کام نہیں کریں گے وہ گھر جائیں گے۔                                                
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات