Live Updates

خواجہ آصف کی اہلیت برقرار ہونے سے متعلق سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

خواجہ آصف پر مفادات کے تصادم کا کوئی مقدمہ نہیں بنتا۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 11:03

خواجہ آصف کی اہلیت برقرار ہونے سے متعلق سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : خواجہ آصف کی اہلیت برقرار رکھنے سے قبل سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ خواجہ آصف پر مفادات کے تصادم کا کوئی مقدمہ نہیں بنتا۔ درخواست گزار عثمان ڈار خواجہ آصف کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا ہے کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے لئے بیرون ملک ملازمت کرنا مناسب نہیں۔

اثاثے ظاہر ہونے سے متعلق نااہلی درخواست پر وقت کی قدغن نہیں لگائی جا سکتی، جب تک چھپائے گئے اثاثے میں بدنیتی سامنے نہ آئے،تاحیات نااہل نہیں کرسکتے، ہر اثاثے چھپانے کو بدنیتی نہیں قرار دیا جا سکتا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اثاثے چھُپانے اور اقامہ رکھنے پر آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو نا اہل کیا تھا جس کے بعد یکم جون کو سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کوپاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ خواجہ آصف کو متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت کی جانب سے لیبر کیٹیگری کا شناختی کارڈ جاری ہوا اور ملازمت کی وجہ سے ہی انہیں اقامہ بھی جاری ہوا،2013ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت یہ ملازمت ہی خواجہ آصف کا بنیادی پیشہ تھا۔

جس کے بعد خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔ سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے ان کی تاحیات نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔ یکم جون کو سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی اپیل پر مختصر فیصلہ دیا تھا جس کے بعد آج سپریم کورٹ کی جانب سے اس معاملے پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات