مسئلہ کشمیر کا پرامن سہ فریقی مذاکراتی حل جنوب ایشیائی مستقبل کے لئے ناگزیر ہے ، سردار عتیق احمد خان

مسلم ممالک اپنے سفارتی اور اقتصادی اثرونفوذ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے استعمال کریں

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 19 اکتوبر 2018 11:19

مسئلہ کشمیر کا پرامن سہ فریقی مذاکراتی حل جنوب ایشیائی مستقبل کے لئے ..
مکہ المکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء،ایم خوشحال شریف،نمائندہ خصوصی،مکہ) مسئلہ کشمیر کا پرامن سہ فریقی مذاکراتی حل جنوب ایشیائی مستقبل کے لئے ناگزیر ہے۔ مسلم ممالک اپنے سفارتی اور اقتصادی اثرونفوذ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے استعمال کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں نئی نسل کا بدترین قتل عام کیا جارہا ہے۔ ہندوستان عسکری حربوں میں ناکامی کے بعدکشمیریری آبادی کا تناسب بگاڑنا چاہتا ہے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کا بہترین روڈ میپ موجود ہے۔ سعودی عرب نے ہر دور میں مسئلہ کشمیر پرمسلمہ بین الاقوامی موقف کی تائید و حمایت کی ہے۔ پاک ہند مذاکرات کی بحالی میں تاخیر مزید پیچیدگیاں پیدا کررہی ہے۔ کشمیری آبادی کے مراکز میں ہندوستانی فوج کی کثیر تعداد میں موجودگی بذات خود جنگی جرائم کا ارتکاب ہے۔

(جاری ہے)

رابطہ عالم اسلامی کا کشمیر پر موقف انتہائی جاندار اور قابل تحسین ہے۔ سی پیک منصوبے میں سعودی عرب کی شمولیت قابل تحسین اقدام ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور کشمیریوں کا ساتھ دیاہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت کشیدگی نے سارے جنوبی ایشیاء کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے۔

کشمیر کے اندر باہمی تجارت اور آمدورفت میں اضافہ معاملات کو سلجھانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے آج مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے سپریم کونسل کے اجلاس میں خطاب کے دوران کیا۔ جس میں دنیا بھر کے تقریبا 40 سے زائد ممالک کے ممبران سپریم کونسل نے شرکت کی۔


صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے مسئلہ کشمیر پر رابطہ عالم اسلامی کے جاندار موقف پر خراج تحسین پیش کیا۔ یاد رہے کہ اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سے پہلے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کو رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کا ممبر منتخب کیا گیاجس پر اپنے خطاب کے دوران صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے رابطہ عالم اسلامی اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اس اجلاس کی صدارت مفتی اعظم سعودی عرب عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کی۔رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسی اور سربراہ ریاسہ امور حرمین شریفین و امام کعبہ فضیلتہ الشیخ عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے بعدامام کعبہ شیخ السیدیس نے شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ کانفرنس اور ظہرانے کے دوران صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے دنیا بھر سے آئے ہوئے نمائندگان کے ساتھ فردا فردا ملاقاتیں بھی کی اور انھیں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔