غیر ملکی خریداروں کی پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی نمائش میں شرکت انتہائی خوش اور حوصلہ افزاء ہے ‘ ڈی جی ٹڈیپ

روابط کو فروغ دینے ،باہمی تجارتی بڑھانے کیلئے نجی سطح پر بھی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں‘ پی سی ایم ای اے کی ایوارڈ تقریب سے خطاب عالمی نمائش میں شریک غیر ملکیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری ،شہریوں کی کثیرتعداد نے پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 12:34

غیر ملکی خریداروں کی پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی نمائش میں شرکت انتہائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان ( ٹڈیپ)کے ڈائریکٹر جنرل میاں ریاض احمد نے کہا ہے کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے خریداروں کی پاکستا ن میں منعقدہ کارپٹ کی نمائش میں شرکت انتہائی خوش اور حوصلہ افزاء ہے ،پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ اور نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اوروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،روابط کو فروغ دینے اورباہمی تجارتی بڑھانے کیلئے صرف حکومتوںہی نہیںبلکہ نجی سطح پر بھی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ36ویں عالمی نمائش کی ایوارڈ تقریب سے خطاب اور چین کے وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد الطیف ملک ،چیئرمین نعیم ساجد ،کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان، نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان،سینئر ممبر ریاض احمد،چیف آرگنائزر قمر ضیاء ، میجر (ر) اختر نذیر ،اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ڈی جی ٹڈیپ میاں ریاض احمد نے نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں اورمندوبین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور آپ لوگوں کی آمد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔روابط کے فروغ اور باہمی تجارت کے فروغ میں نجی سطح پر تبادلے بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اعلی معیار کی وجہ سے پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کی دنیا میں مانگ ہے اس لئے مینو فیکچررز کو چاہیے وہ نہ صرف معیار کو برقرا ر رکھیں بلکہ اس میںمزید جدت بھی لائیں۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو نمائش کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارپٹ انڈسٹری کی ترقی اور اس کے مسائل کے حل کیلئے پہلے بھی تعاون فراہم کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔کارپٹ کی تین روزہ عالمی نمائش گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی ۔نمائش میں شریک غیر ملکیوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری کی گئی جبکہ شہریوں کی کثیرتعداد نے بھی نمائش کا وزٹ کر کے پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کے معیار کو سراہا اور خریداری بھی کی ۔