ظہور وٹالی کے اہلخانہ کی طرف سے تہاڑ جیل میں ان کی حالت زار پر اظہار تشویش

جمعہ 19 اکتوبر 2018 12:59

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کے اہلخانہ نے ان کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ظہور احمد وٹالی کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے گزشتہ سال 17اگست کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کر کے تہاڑ جیل میں نظربند کردیا تھا۔

(جاری ہے)

اہلخانہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ظہور احمد وٹالی بلند فشار خون ، بخار اور کمر درد اوردیگرتکالیف میں مبتلا ہیں ۔ انہوںنے ان کی گرتی ہوئی صحت کے بارے میںتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انہیں جیل میں علاج معالجے کی مناسب سہولت سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ ظہور وٹالی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیاتھا تاہم بھارتی سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیا۔ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ بادی النظر میں ستر سالہ ظہور وٹالی کسی بھی مذموم سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔