قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے مداحوں کیلئے بری خبر آگئی

وکٹ کیپر ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز میدان میں نہیں آئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:34

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے مداحوں کیلئے بری خبر آگئی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران بائیں کان پر گیند لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چکر آنے کی شکایت کے بعد سی ٹی سکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران سرفراز احمد کی کلائی پر مچل سٹارک کی گیند لگی تھی جب کہ تیسرے روز جب وہ32رنز پر بلے بازی کررہے تھے تو میچ کے53ویں اوور میں انہیں دوبارہ پیٹر سڈل کی گیند بائیں کان کے نزدیک سر پر لگی،پاکستانی کپتان نے رات کو سر چکرانے کی شکایت کی جس کے بعد انہیں احتیاطاہسپتال لے جایا گیا تاکہ سی ٹی سکین سے صورتحال واضح ہوسکے۔

ڈاکٹرز کے مطابق سرفراز کی صحت تسلی بخش ہے تاہم انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز کے باہر ہونے پر صبح سویرے پاکستان اے ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو دبئی سے ابوظہبی طلب کر لیا گیا،محمد رضوان کو جمعے کی صبح 6 بجے دبئی میں نیند سے جگا کر ابوظہبی جانے کی ہدایت کی گئی،محمد رضوان نے ٹیم جوائن کرلی ہے اور وہ ٹیسٹ کے چوتھے دن وکٹ کیپنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جب کہ قومی ٹیم کی کپتان سرفراز احمد کی جگہ اسد شفیق کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر کپتان ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے تھے ۔ 31سالہ سرفراز احمد نے ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 94رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی 81رنز کی عمدہ باری کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا ۔ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی یہ کارنا مہ 4مرتبہ سر انجام دے چکے ہیں جب کہ سابق زمبابوین وکٹ کیپر کپتان ٹٹنڈا ٹیبو نے 2مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ،سابق زمبابوین کپتان گرانٹ فلاور اور بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم بھی ایک ،ایک مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔