فیس واش چوری، واپس رکھ دو ورنہ میں وظیفہ کروں گی

سوشل میڈیا پر طالبہ کا ہوسٹل میں چسپاں کیا گیا نوٹس وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:45

فیس واش چوری، واپس رکھ دو ورنہ میں وظیفہ کروں گی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : تعلیم آج کے دور میں ایک اہم ضرورت بن چکی ہے، بچہ غریب ہو یا امیر تعلیم کے حصول کے لیے گھرسے باہر رہنے سے بھی گریز نہیں کرتا ، پسماندہ علاقوں سے اکثر طلبا شہروں کا رُخ کرتے ہیں اور اچھے تعلیمی اداروں میں داخلہ لے کر قریبی ہاسٹل میں رہائش اختیار کر لیتے ہیں لیکن ہاسٹل کے بھی اپنے ہی رنگ ہیں۔

ہاسٹل میں رہنے والے طلبا کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہو گا کہ اگر آپ کی کوئی چیز گُم گئی تو پھر اسے ڈھونڈنے میں وقت صرف کرنے کی بجائے نئی خرید لینی چاہئیے کیونکہ جو چیز ہاتھ سے نکل گئی وہ کبھی واپس نہیں ملتی ۔ سوشل میڈیا پر ایک طالبہ کے نوٹس کی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس نے صارفین کو کافی محظوظ کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں ایک طالبہ نے اپنا ''فیس واش'' چوری کرنے والے کو ایسے دلچسپ انداز میں وارننگ دی کہ پڑھنے والا حیران ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔

(جاری ہے)

اس نوٹس میں تحریر کیا گیا کہ ہاسٹل کی تمام لڑکیوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ میرا فیس واش کسی نے کولر کے اوپر پڑے مگ (Mug) میں سے چوری کیا ہے۔ میں فیس واش چوری کرنے والی لڑکی کو خبردار کرتی ہوں کہ میرا فیس واش واپس اُسی جگہ پر رکھ دے ورنہ میں اس کے خلاف ''چوری کرنے والے کے خلاف پڑھنے والا وظیفہ'' شروع کر لوں گی جس کے نتیجے میں ظاہر ہونے والے اثرات کی ذمہ دار وہ خود ہو گی۔

سوشل میڈیا صارفین جہاں اس نوٹس سے محظوظ ہوئے وہیں ''چوری کرنے والے کے خلاف پڑھنے والا وظیفہ'' سُن کر کافی حیران بھی ہوئے۔ صارفین میں سے کئی ایسے افراد جو ہاسٹل میں رہ چکے ہیں، نے اس بات پر طالبہ کا تمسخر اُڑایا اور کہا کہ طالبہ نے چور کو کیا اسلامی وارننگ دی ہے، کاش ہمیں بھی اس وظیفے کا علم ہوتا تو ہم بھی اپنی چوری کی ہوئی چیزیں واپس لے لیتے یا کم ازکم چور کی ہی نشاندہی کر لیتے۔ یہ نوٹس کس ہاسٹل کا ہے اور اس کو لگانے والی طالبہ کون ہے یہ تو تاحال معلوم نہیں ہو سکا لیکن ہاسٹل میں لگا یہ نوٹس سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز ضرور بن گیا ہے۔ اوراس کی وجہ ''چوری کرنے والے کے خلاف پڑھنے والا وظیفہ'' ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔