زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا بچوں و خواتین کے امدادی مرکز کی تشکیل پر اتفاق

جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بچوں و خواتین کے امدادی مرکز کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالہ سے گذشتہ روز ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر فضل محمود خان، سوشل ویلفیئر آفیسر ثناء اقبال، پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری، پریس کلب ہری پور کے صدر ذاکر حسین تنولی، ہیومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم صداقت، سیڈو پاک کے قاضی زاہد اقبال، ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ایچ آر پی ڈی سی) کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن محمودالرحمن، ڈسٹرکٹ بار سے گلناز رشید ایڈووکیٹ، جواد حبیب ایڈووکیٹ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ رفیعہ ناز جدون، ایس آر ایس پی سے سید مجتبیٰ شاہ، چیمبر آف کامرس کے صدر عطاء الرحمن اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے ویمن اینڈ چلڈرن سپورٹ سنٹر کے قیام کی غرض و غایت بیان کی جس پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کرتے ہوئے سپورٹ سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے ساتھ ساتھ کام کے طریقہ کار اور مینڈیٹ کے تعین کی تجاویز پیش کیں جس پر ڈی پی او نے محکمہ سوشل ویلفیئر سے مزید سماجی تنظیموں کی لسٹ طلب اور وکلاء پینل کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سنٹر کا سٹریکچر خود بنائیں گے اور آئندہ اجلاس میں سنٹر کے قیام اور کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جائے گا۔