سرسید ماڈل سکول و کالج ہری پور میں معروف روحانی شخصیت قاضی محمد بشیرالدین (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

جمعہ 19 اکتوبر 2018 13:50

ْ ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) سرسید ماڈل سکول و کالج ہری پور میں ممتاز ماہر تعلیم ایلیمنٹری کالج کے سابق پرنسپل اور معروف روحانی شخصیت قاضی محمد بشیرالدین (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ مقررین جن میں ناصر تاج، پروفیسر قاضی عتیق الرحمن، پروفیسر وحید قریشی، میجر (ر) قاضی شبیر، قاضی تحسین الدین، پرنسپل آصف خان، محمد سلیم خان (پن) اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قاضی بشیرالد ین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ فی الواقع ان کا خلا پر کرنا ناممکن ہے، وہ اپنے شاگردوں کیلئے مینارہ نور تھے۔ انہوں نے عاجزی اور انکساری کی مثالیں قائم کی ہیں، ان کو دیکھ کر محسوس ہوتا تھا کہ وہ کسی اور ہی دنیا کی مخلوق ہیں، بحیثیت استاد طلبہ کے جذباتی، نفسیاتی، روحانی اور باطنی مسائل پر ان کی گہری نظر ہوتی تھی۔ فلسفہ اور تصوف ان کی دلچسپی کا مرکز تھا، ان کے چہرے کی ہمہ وقتی مسکراہٹ لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتی تھی، ان کے شاگرد ملک بھر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ان کے اسا تذہ اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :