عجمان: آتش زدگی کے باعث دم گھُٹنے سے دادااپنے پوتے پوتی سمیت جاں بحق

واقعہ الرشیدیہ کے علاقے کی ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 اکتوبر 2018 14:33

عجمان: آتش زدگی کے باعث دم گھُٹنے سے دادااپنے پوتے پوتی سمیت جاں بحق
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 اکتوبر2018ء) عجمان کے علاقے الرشیدیہ کے ایک اپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑکنے کے باعث تین افراد زندگی سے محروم ہو گئے۔ مرنے والوں میں دادا اور اُس کا چار سالہ پوتا اور دو سالہ پوتی شامل ہیں۔ عجمان سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر عبدالعزیز الشمسی نے بتایا کہ پولیس کو ایک راہگیر نے اطلاع دی کہ بلڈنگ کی چوتھی منزل کے ایک اپارٹمنٹ سے دھواں نکل رہا ہے۔

جس پر آگ بُجھانے والے عملے کو موقع پر فوری طور پر روانہ کر دیا گیا۔ جب یہ عملہ اپارٹمنٹ کے اندر داخل ہوا تو وہاں ایک کمرے میں دُھواں ہی دُھواں بھرا ہوا تھا۔ اس کمرے میں ایک بوڑھا شخص اپنے پوتے اور پوتی کے ساتھ مُردہ حالت میں پایا گیا۔ تینوں افراد کی لاشیں خلیفہ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ایک فرانزک ٹیم نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا تاہم ابھی تک اس ابھی تک آتش زدگی کی اصل وجوہات کے بارے میں آگاہی نہیں ہو سکی۔

خیال یہی کیا جا رہا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔ جس وقت آگ بُجھانے والا عملہ چھ منزلہ بلڈنگ کے چوتھے فلور پر پہنچا تو وہاں ہر طرف دُھواں ہی دُھواں بھرا ہوا تھا۔عجمان سول ڈیفنس اور پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کے باعث آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا ورنہ بلڈنگ میں موجود دیگر افراد کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔

پولیس کی جانب سے بلڈنگ کو کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر خالی کرا لیا گیا۔ عجمان کمیونٹی پولیس کی جانب سے اس آتش زدگی کے واقعے میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو وقتی طور عارضی ٹھکانہ فراہم کر دیا گیا ہے اور اُن سے اعلیٰ حکام نے تعزیت بھی کی ہے۔ بریگیڈیئر النُعیمی نے رہائشی بلڈنگ کے مالکان پر زور دیا کہ وہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے اپارٹمنٹس میں فائر الارم سسٹم ضرور نصب کروائیں۔

متعلقہ عنوان :