بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا

ہمیں مثبت انداز میں سوچنا چاہیے ،ْ علی ظفر کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہوں گی ،ْ انٹرویو بھارت ایک خوش آمدید کہنے والا ملک ہے ،ْعاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے لوگ مداح ہیں ،ْ ارجن کپور

جمعہ 19 اکتوبر 2018 15:37

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔پرینیتی کا شمار بالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں فلم نگری میں اپنے قدم جمائے ،ْوہ ’عشق زادے‘، ’ہنسی تو پھسی‘، ’کِل دِل‘ اور ’گول مال اگین' جیسی کامیاب فلمیں کرچکی ہیں۔

ان کی نئی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ ریلیز ہوئی جس میں وہ ایک بار پھر اداکار ارجن کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئی ہیں۔پرینیتی اور ارجن نے فلم کی تشہیر زور وشور سے کی اور شائقین کو خوب متاثر کیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس دوران ایک انٹرویو میں پرینیتی اور ارجن سے پاکستانی اسٹارز پر بالی وڈ فلم نگری میں کام کرنے کی پابندی کے حوالے سے بھی سوال پوچھا گیا۔

(جاری ہے)

پرینیتی نے جواب دیا کہ میں نے فلم ’کِل دِل‘ میں علی ظفر کے ساتھ کام کیا تھا اور مجھے پتہ بھی نہیں تھا کہ وہ پاکستان سے ہیں جب تک کہ انہوں نے خود نہیں بتایا کیونکہ سب انسان ہی ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق مجھے نہیں لگتا کہ اگر کوئی باہر سے آجائے گا تو وہ ہمارا کام چھین لے گابلکہ ایسے متعدد افراد ہماری فلم نگری میں موجود ہیں جو جنوبی افریقہ، امریکا اور دیگر ممالک سے ہیں ،ْیہاں تک کہ فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کے فوٹوگرافی ڈائریکٹر یونان سے تعلق رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمیں مثبت انداز میں سوچنا چاہیے کیونکہ نئے افراد آنے سے ٹیم میں ایک نئی فضا آتی ہے ،ْ میں ذاتی طور پر اس پابندی کے خلاف ہوں بلکہ میں تو علی ظفر کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہوں گی۔پرینیتی نے کہا کہ وہ فواد خان کی بھی بڑی مداح ہیں اور موقع ملا تو وہ ان کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہیں گی۔ دوسری جانب ارجن کپور کا کہنا تھا کہ بھارت ایک خوش آمدید کہنے والا ملک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہاں کے لوگ عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں کو قومیت کی بنیاد پر سننے سے انکار کردیتے ہیں بلکہ لوگ تو ان کے مداح ہیں۔