انشورنش کے پیسے حاصل کرنے کے لیےاپنی ہی موت کا ڈرامہ کیا لیکن بیوی کو لاعلم رکھا

شوہر کے منصوبے سے انجان ، شوہر کی موت کا سُن کر خاتون نے بچوں سمیت خود کُشی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 15:19

چین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : اس دنیا میں ہر چیز کا نعم البدل ہے لیکن انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، انسانی جان اس دنیا کی پیش قیمت چیز ہے جسے چاہ کر بھی خریدا نہیں جا سکتا۔ دنیا بھر میں ''لائف انشورنس'' کا تصور کئی دہائیوں سے عام ہے ، اس کے تحت کوئی بھی شخص ایک لائف انشورنس خریدتا ہے اور کسی حادثے یا قدرتی آفت کا شکار ہو جائے یا اس کی طبعی موت واقع ہو جائے تو انشورنش کی رقم اس کے اہل خانہ اور سوگواران کو دے دی جاتی ہے۔

اسی بات کا فائدہ اُٹھانے کے لیے ایک چینی شہری نے اپنی موت کا جھوٹا ڈرامہ کیا تاکہ وہ انشورنس کی رقم حاصل کر سکے لیکن افسوس یہ کہ وہ اس منصوبے میں اپنی بیوی کو شامل کرنا بھول گیا ۔ خاتون نے شوہر کی موت کی خبر سُنی تو دلبرداشتہ ہو کر بچوں سمیت خود کُشی کر لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایک چینی شہری نے انشورنس کے پیسے حاصل کرنے کے لیے اپنی موت کو جھوٹا ڈرامہ کیا اور سب کی نظروں سے اوجھل جنوبی علاقہ کی جانب روانہ ہو گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ چینی شہری نے کرائے پرایک گاڑی لی اور اسے ایک قریبی دریا میں گرا دیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے اہل خانہ کو بتایا کہ شہری کی لاش تاحال لاپتہ ہے۔ ( جبکہ در حقیقت چینی شہری نے صرف گاڑی ہی کو دریا میں گرایا تھا اور خود جنوبی علاقہ میں جا کر چھُپ گیا) شوہر کی ہلاکت کا سُن کر غمزدہ بیوی نے اپنی اور بچوں کی زندگی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مذکورہ شخص کی بیوی نے خود کُشی کرنے سے قبل سوشل میڈیا سائٹ وی چیٹ پر ایک پیغام جاری کیا ، یہ پیغام شوہر کی ہلاکت کی خبر ملنے اور اس کی لاش نہ ملنے کے تین ہفتے بعد جاری کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرنے کے بعد چینی شہری کی بیوی نے اپنے دو بچوں سمیت اُسی دریا میں چھلانگ لگا دی۔ بیوی اور بچوں کی موت کی خبر سُن کر چینی شہری نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے چینی شہری کو انشورنس فراڈ اور جان بوجھ کر املاک کو نقصان پہنچانے پر گرفتار کر لیا۔