Live Updates

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 2 روزہ "مستقبل سرمایہ کاری اقدام" کانفرنس میں شرکت کے لئے 23 اکتوبر کو ریاض کا دورہ کریںگے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 15:42

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 2 روزہ "مستقبل سرمایہ کاری اقدام" کانفرنس میں شرکت کے لئے 23 اکتوبر کو ریاض کا دورہ کریںگے۔ کانفرنس میں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، کارپوریٹ کے شعبے کے ممتاز رہنما، ہائی ٹیک انڈسٹری اورذرائع ابلاغ کے اہم اداروں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بتایاکہ کانفرنس جسے " صحرا میں ڈیووس" قرار دیا گیا ہے کے پہلے روز وزیراعظم عمران خان کی شرکت کا مقصد پاکستان کی اقتصادی اور سرمایہ کاری صلاحیت کے ساتھ ساتھ آئندہ پانچ برسوں میں ملک کے حوالے سے اپنے وژن کو اجاگر کرنا ہے۔ وزیراعظم اس موقع پر شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند اہم کاروباری رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کا بھی موقع فراہم کرے گی۔ "مستقبل سرمایہ کاری اقدام" سعودی عرب میں اب سالانہ تقریب کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ پہلی کانفرنس گزشتہ سال منعقد ہوئی تھی جس میں 90 ممالک کے 3800 افراد نے شرکت کی تھی۔ اس سال کانفرنس میں بڑی تعداد میں ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کانفرنس میں شرکت سعودی سلطنت کی جانب سے بین الاقوامی کاروباری اور سرمایہ کاری کا ابھرتا ہوا محور بننے کی کاوشوں کے ساتھ ہماری یکجہتی کی غمازہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات