وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاافغان ہم منصب کو ٹیلیفون ،ْ

سینئر افغان رہنمائوں کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار پاکستان اس مشکل کی گھڑی میں افغان بھائیوں اور بہنوں کے غم اور درد میں شریک ہے ،ْ پاکستان خطے میں پائیدار اور طویل مدتی امن او راستحکام کیلئے افغانستان کے ساتھ مشترکہ طورپر کام کریگا ،ْامید ہے 20اکتوبر کو ہونے والے انتخابات پر امن ماحول منعقد ہونگے ،ْشاہ محمود قریشی افغانستان مشکل وقت میں انتخابات کرارہا ہے ،ْ امید ہے عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگا ،ْ سید صلاح الدین ربانی دونوں ممالک افغانستان میں تنازع کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے ،ْ افغان وزیر خارجہ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:05

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاافغان ہم منصب کو ٹیلیفون ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب سید صلاح الدین ربانی کو فون کر کے انہیں سینئر افغان رہنمائوں کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اس مشکل کی گھڑی میں افغان بھائیوں اور بہنوں کے غم اور درد میں شریک ہے ،ْ پاکستان خطے میں پائیدار اور طویل مدتی امن او راستحکام کیلئے افغانستان کے ساتھ مشترکہ طورپر کام کریگا ،ْامید ہے 20اکتوبر کو ہونے والے انتخابات پر امن ماحول منعقد ہونگے۔

یاد رہے کہ 18اکتوبر کو قندھار میں امریکی اور افغان اعلیٰ اہلکاروں کے ایک اجلاس کے دور ان ایک محافظ کی فائرنگ سے پولیس سربراہ جنرل عبد الرازق اور انٹیلی جنس کے سربراہ مومن حسین خیل ہلاک ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں قندھار کے گور نر زلمے ویسا بھی شدید زخمی ہوئے تھے اوران کی ہلاکت سے متعلق بھی متضاد خبریں سامنے آئی تھیں۔

افغان حکام نے صبح دعویٰ کیا کہ گور نر زندہ ہیں اور ان کا علاج ہورہا ہے ۔جمعہ کو وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب سے کہاکہ پاکستان اس مشکل وقت میں افغان بھائیوں اور بہنوں کے غم اور درد میں شریک ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار اور طویل مدتی امن او راستحکام کیلئے افغانستان کے ساتھ مشترکہ طورپر کام کریگا ۔

انہوںنے کہاکہ اس مقصد کے حصول کیلئے افغانستان کے تنازع کا حل ضروری ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں امن اور اقتصادی ترقی افغانستان میں مکمل امن اور سلامتی کی بحالی پر منحصر ہے ۔وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ 20اکتوبر کو ہونے والے انتخابات پر امن ماحول منعقد ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ افغانستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے انتخابات ایک اہم حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوںنے ربانی کو افغانستان میں جمہوری عمل کیلئے مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔بیان کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ افغانستان مشکل وقت میں انتخابات کرارہا ہے اور امید ہے کہ یہ عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگا ۔انہوںنے تمام مشکلات کے حل کیلئے افغان حکومت کے عزم کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک افغانستان میں تنازع کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے ۔