احمدکریم کنڈی کی اسمبلی میں پہلی دھواں دھارتقریر

سپیکرکی جانب سے ٹوکنے پر موصوف نے کہا ’’سپیکرصاحب آپ نے میراموشن توڑدیا‘‘،ایوان کشت زعفران میں تبدیل

جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:48

احمدکریم کنڈی کی اسمبلی میں پہلی دھواں دھارتقریر
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی احمدکریم کنڈی کی اسمبلی میں پہلی دھواں دھارتقریرسب کوبھاگئی ،وقت کی کمی کے باعث سپیکرکی جانب سے ٹوکنے پر موصوف نے کہاکہ ’’سپیکرصاحب آپ نے میراموشن توڑدیا‘‘جس پر ایوان کشت زعفران میں تبدیل ہوگئی۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران بجٹ پربحث کیلئے جب سب سے آخری موقع پی پی کے رکن احمدکریم کنڈی کوملا تو انہوں نے اپنی تقریرکاآغاز علامہ اقبال کے کلام ’’شکوہ‘‘سے کیا تاہم چنداشعارپڑھنے پر سپیکرنے انہیں ٹوک دیا کہ وقت کی کمی ہے جس پر احمدکریم کنڈی بولے ’’آپ نے میراموشن توڑدیا‘‘۔

اپنی تقریرمیں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے انتخابی نعروں کی جھلک بجٹ میں دکھائی نہیں دے رہی ہے ملک چندہ سے نہیں آمدنی اورسرمایہ کاری سے چلتے ہیں 18ویں ترمیم کی بدولت آج صوبہ قرضہ لینے کے قابل ہوا جس کا کریڈٹ پی پی کوجاتاہے حکومت کی سمت ٹھیک نہیں مسئلہ پیسوں کا نہیں صرف ترجیحات کا ہے اس دوران سپیکرنے رکن اسمبلی کودوبارہ ٹوک دیا توایم پی اے بولے ’’سپیکرصاحب دوبارہ موشن توڑدیا‘‘جس پر ایوان کشت زعفران میں تبدیل ہوگئی۔