Live Updates

عمران خان آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے لیے پر امید

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی شاہی خاندان کو پاکستان کے لیے مالی امداد منظور کرنے پر رضا مند کرنے کی کوشش کریں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:06

عمران خان آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے لیے پر امید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان ابھی بھی اس بات کی امید لگائے ہوئے ہیں کہ انہیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔یہی وجہ ہے کہ عمران خان ایک بار پھر سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں۔عمران خان کا پانچ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے۔عمران خان ایک بار پھر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بیل آؤٹ پروگرام سے بچنے کے لیے اور مالی امداد کے لیے سعودی حکام سے مذاکرات کریں گے۔

وزیراعظم کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم 22 اکتوبر سے 23 سے خلیجی ملک کا دورہ کریں گے۔عمران خان کا یہ دورہ 7نومبر کو آئی ایف سے مذاکرات سے دو ہفتہ قبل ہو گا،حکومتی ذرائع کے مطابق عمران خان سعودی شاہی خاندان کو مالی امداد منظور کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کرے گے،پاکستان اس وقت چین اور سعودی عرب سے 5 بلین ڈالر قرضہ لینے کا منتظر ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اس وقت موجودہ مالی سال کے باقی وقت کے لیے 12ملین ڈالر کے فرق کا سامنا کررہا ہے۔جس کو پورا کرنے کے لیے وہ مختلف آپشنز کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔عمران خان کی جانب سے سعودی عرب جانے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب انہوں نے بتایا کہ ہو سکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان کم شرح سود پر قرض کے حصول کیلئے مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف میں طویل مدت میں ادائیگی کے قرضے پر بات ہو رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب چین بھی آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کیلئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ جبکہ پاکستان اپنے لیے کئی آپشنز کھلی رکھنے کیلئے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون پر مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق تین ممالک پاکستان کو آسان شرائط پر قرضہ دینے کیلئے راضی ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے آسان شرائط پر مالی تعاون کے حصول کیلئے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات