احتجاج کرنا (ن) لیگ کے بس کی بات نہیں ،

126گھنٹے دھرنا دیکر کر دکھا دیں انہیں کھانا بھی فراہم کرینگے‘عبدالعلیم خان

جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:48

احتجاج کرنا (ن) لیگ کے بس کی بات نہیں ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا (ن) لیگ کے بس کی بات نہیں ، 126گھنٹے دھرنا دیکر کر دکھا دیں انہیں کھانا ہم فراہم کریں گے ، چوروں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی،ہر کمپنی کا آڈٹ کرایا جائیگا ،حمزہ شہباز اب پرویز الٰہی پر الزامات لگارہے ہیں جب 10سال حکومت میں رہے تب مقدمہ کیوں نہ بنایا ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو انتظار کررہے تھے کہ (ن) لیگ والے شام تک بیٹھے رہیں گے مگر وہ تو آدھے گھنٹے میں چلے گئے ،احتجاج کرنا آسان بات نہیں ہے ،ایک سو چھبیس دن چھوڑیں بلکہ صرف ایک سو چھبیس گھنٹے (ن) لیگ دھرنا دے کر دکھا دے انہیں کھانا اور پانی ہم دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے جو میرے بارے میں جو کہا وہ سنا ہے،علیم خان نے قبضے کئے ہیں تو دس سال انکے والد کی حکومت تھی میرے خلاف کچھ کیا کیوں نہیں ،کیا حمزہ شہباز میرے ساتھ مل کر قبضہ کررہے تھے۔

پیراگون میں حکومتی زمین پر قبضہ کس نے کیا،اب پرویز الٰہی پر الزامات لگانے والے حمزہ شہباز بتائیں کہ دس سال تک انکے خلاف کوئی مقدمہ نہ بنایا۔ میرے خلاف کچھ لوگ جب تک خبر نہیں چلاتے وہ کھانا نہیں کھاتے،کل جس ہائوسنگ سوسائٹی کا نام لیا گیا اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ چوروں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ہر کمپنی کا آڈٹ کیا جائے گا ۔

شہباز شریف کا ہر کمپنی میں نام ہے ،میٹرو اور اورنج ٹرین کو بھی چیک کیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے یہ مشکل وقت ہے ،کچھ مہینے مشکل گزریں گیمگر جب تک لوگوں کا احتساب نہیں ہوگا نہیں پتہ لگے گا کہ کتنی کرپشن کی گئی ہے۔ایک قانونی طریقہ اپنایا جائے گا اور تمام پیسے وصول کئے جائیں گے۔مجھے خوشی ہے کہ (ن) لیگ کی دم پر ہمیشہ پائوں رکھا ہے اور رکھے رکھوں گا۔