وزیر اعظم آزاد کشمیر کاپولیس ٹریننگ سکول شوکت لائن مظفرآباد کا دورہ ، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی

جمعہ 19 اکتوبر 2018 16:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جمعہ کے روز پولیس ٹریننگ سکول شوکت لائن مظفرآباد کا دورہ کیا ۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر میاں وحید الدین ، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر بھی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ تھے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر پولیس کے دفاتر کیلئے خرید کردہ نئی گاڑیوں اورفوک لفٹر کی چابیاں متعلقہ اضلاع کے ایس پی صاحبان کے حوالے کیں۔

وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے پولیس ٹریننگ سکول پہنچے تو انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر نے استقبال کیا ۔بعدازاں وزیراعظم آزادکشمیر کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سردار فہیم احمد عباسی ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ سردار گلفراز خان، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر طاہر محمود قریشی ، ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر لیاقت علی،ڈی آئی جی ریجن سردار الیاس خان ، ایس ایس پی ضلع مظفرآباد دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر میاں وحید الدین اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر کے ہمراہ پولیس ٹریننگ سکول میں تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور ریکروٹس کے زیر استعمال رہائشی بارکس کا بھی معائنہ کیا ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے مرکزی کوٹ ، کوارٹر گارڈ ، ایم ٹی پارک اور زیر استعمال اسلحہ اور ٹرینگ کی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔

بعدازاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سردار فہیم احمد عباسی نے کائونٹر ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ جبکہ ایس پی عابد میر نے آزاد کشمیر محکمہ پولیس کے زیر انتظام پولیس اصلاحات، مکمل ہونے والے منصوبہ جات اور جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالہ سے بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، چیف سیکرٹری میاں وحید الدین اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریزرو رینجرزپرموٹ ہونے پر شہریار سکندر کو رینک پہنائے ۔