پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں موجود اپنی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کا فیصلہ

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:10

پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں موجود اپنی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں موجود اپنی زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے آپریشن کیا گیا اور لاہور کے علاقے تاجپورہ میں 10 کنال زمین واگزار کرائی گئی۔

10 کنال زمین کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے۔ پاکستان ریلویز نے وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن شروع کیا ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن میں ریلوے عملہ اور ریلوے پولیس مشترکہ کارروائی کرتی ہے۔ بعض مقامات پر ریلوے اراضی کو واگزار کرانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔ ریلویز کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی کا تحفظ کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ریلویز کے ڈائریکٹوریٹ آف پراپرٹی اینڈ لینڈ کو مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ اپنی زمینوں کے بہتر استعمال سے ریلوے کا محکمہ اپنی آمدن میں قابلِ قدر اضافہ کر سکے۔ ریلوے نے اس سے قبل ایک ہزار ایکڑ سے زائد زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی تھی۔ اب اس مہم میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ ریلوے لینڈ کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائز بھی کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ریلوے کے اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جا رہا ہے۔