پیپلزپارٹی کی صوبوں کا حصہ فاٹا کو دینے کی مخالفت

حکومت18ویں ترمیم اوراین ایف سی سےچھیڑخانی کا خیال ذہن سےنکال دے،آئین میں واضح ہےاین ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھے گا لیکن کم نہیں ہوگا، اگراین ایف سی اور18ویں ترمیم کوچھیڑا گیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔ ترجمان چیئرمین پیپلزپارٹی سینیٹرمصطفیٰ نوازکھوکھر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:05

پیپلزپارٹی کی صوبوں کا حصہ فاٹا کو دینے کی مخالفت
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر 2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے صوبوں کا حصہ فاٹا کو دینے کی مخالفت کردی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت 18ویں ترمیم اوراین ایف سی کے ساتھ چھیڑخانی کا خیال ذہن سے نکال دے،آئین میں واضح ہے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھے گا لیکن کم نہیں ہوگا،حکومت کومشورہ ہے فیصلوں سے قبل آئین کا مطالعہ بھی کرلیا کریں،اگر این ایف سی، اٹھارویں ترمیم کوچھیڑا گیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ نیا پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے پرانے پاکستان کوبدحال کردیا ہے۔ پالیسی کے فقدان، ناقص فیصلوں کی وجہ سے ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے پاکستان کا خواب لے کرتحریک انصاف کا ساتھ دینے والے بھی مایوسی کا شکارہوگئے۔

نئے پاکستان کے نعرے کے پیچھے چلنے والوں کی اکثریت کا گھر واپسی کا سفرشروع ہونیوالا ہے۔ ترجمان مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا کہ وفاقی حکومت 18ویں ترمیم اوراین ایف سی کے ساتھ چھیڑخانی کا خیال ذہن سے نکال دے۔ صوبوں کے مالی اورانتظامی اختیارکم کرنا وفاق کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کومشورہ ہے فیصلے کرنے سے قبل ذرا آئین کا مطالعہ بھی کرلیا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں واضح ہے این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھے گا لیکن کم نہیں ہوگا۔ مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا کہ اگر این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں ترمیم کوچھیڑا گیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔ واضح رہے گزشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ فاٹا میں باقاعدہ ادارے نہیں ہیں۔ فاٹا کے انضمام کی جانب ہم بڑھ رہےہیں۔

این ایف سی ایوارڈ میں چاروں صوبوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔ فاٹا سیکریٹریٹ ختم ہوجائیگا ،انتظامیہ ڈھانچہ چیف منسٹر سیکریٹریٹ کے ماتحت ہوجائے گا۔ کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں تمام صوبوں کو حصہ فاٹا کیلیے دینا پڑے گا۔ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا اپنا حصہ کم کرینگے اور فاٹا کو 3 فیصد دینگے۔ وزیر اعظم نے فوری طور پر این ایف سی ایوارڈ کے طریقہ کار پر نظرثانی کا کہا ہے۔