ریاض:خود کو خاشقجی کی منگیتر ظاہر کرنے والی خاتون کا کردار مشکوک ہے

خاتون کو خاشقجی کی بہت سی ذاتی نوعیت کی باتوں کا سرے سے علم ہی نہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:30

ریاض:خود کو خاشقجی کی منگیتر ظاہر کرنے والی خاتون کا کردار مشکوک ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 اکتوبر2018ء) ممتاز سعودی خاتون کالم نگار می خالد نے خود کو گمشدہ صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر ظاہر کرنے والی خدیجہ چنگیز کے کردار کو مشکوک اور ناقابلِ یقین قرار دے دیا ہے۔ می خالد کا کہنا ہے کہ خدیجہ چنگیز کا کہنا ہے کہ وہ خاشقجی کی منگیتر ہیں اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے اُنہیں تُرکی میں واقع سعودی قونصل خانے میں جاتے دیکھا تھا، مگر پھر وہ باہر نہیں آئے۔

تاہم خدیجہ ابھی تک کسی ٹی پروگرام پر آ کر سارا وقوعہ بیان کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ اُنہیں امریکی صدر کی جانب سے بھی وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی گئی ہے، جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ حیرت تو اس بات پر ہے کہ اُنہیں خاشقجی کی اصل تاریخِ پیدائش بھی معلوم نہیں ہے۔ وہ اسی تاریخ کو حقیقی سمجھ بیٹھی ہیں جو خاشقجی کے بارے میں وکی پیڈیا کی ویب سائٹ پر درج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حال ہی میں خاشقجی کی 60 ویں سالگرہ وِکی پیڈیا پر درج تاریخ کے مطابق ہی منانے کا اعلان کیا۔ حیرت ہے کہ جو خاتون خاشقجی کے اتنے قریب ہو، وہ اُس کی اصل تاریخِ پیدائش سے بھی باخبر نہیں ہے۔ خدیجہ خود کو میڈیسن کے شعبے کا ماہر بتاتی ہیں۔ گزشتہ دِنوں وہ ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں، جب تک اُن سے ملبوسات اور میک اپ وغیرہ کے بارے میں سوالات کیے گئے، وہ اعتماد کے ساتھ جواب دیتی رہیں، تاہم جب اُن کی اپنی فیلڈ میڈیسن کی بابت سوال کیے گئے تو وہ جیسے گونگی سی ہو کے رہ گئیں۔

جس سے اُن کی تعلیمی قابلیت پر شک ہونے لگا ہے۔ لگتا ہے کہ اسی باعث وہ ٹی وی پروگرامز میں شرکت کرنے کو تیار نہیں کہ کہیں اُن کی شخصیت اور خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے دعوؤں پر سوالیہ نشان کھڑا نہ ہو جائے۔ خدیجہ اس وقت خاشقجی کے موبائل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو بھی استعمال میں لا رہی ہیں، جس سے خدشہ ہے کہ وہ بہت سارے حقائق اور قیمتی مواد ضائع نہ کر دیں۔