ستائیس اکتوبر کشمیر مارچ جدو جہد آزادی کشمیر کو نیا ولولہ بخشے گا، میاں محمد اسلم

حکومت کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی کے بارے میں پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے،موجودہ حالات میں ضرورت ہے کہ اہل کشمیر کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھی جا ئے ، مختلف یو نین کو نسلوں کے دورے کے موقع پر ارکان وکار کنان سے گفتگو

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ 27اکتو بر کواسلام آباد میں منعقد ہو نے والا کشمیر مارچ جدو جہد آزادی کشمیر کو نیا ولولہ بخشے گا ،عظیم الشان کشمیر مارچ کا انعقاد کر کے عالمی سطح اور حکومت کی تو جہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروائیں گے ،انھوں نے عوام سے بھارتی جارحانہ عزائم کے خلاف 27اکتوبر کو سڑکوں پر آنے کی اپیل کر تے ہو ئے کہا موجودہ حکومت کشمیر سے متعلق اپنی پالیسی کے بارے میں پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف یو نین کو نسلوں کے دورے کے موقع پر ارکان وکار کنان سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

میاں محمد اسلم نے کہا پاکستان کی خوشحالی و سا لمیت کشمیر سے وابستہ ہے کشمیر کی آزادی کے حوالے سے پاکستان کی حکومتوں نے موثر کردار ادانہیں کیا آج تک کشمیری عوام پاکستان سے الحاق و آزادی کے لئے مصروف ہیں ،کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہو سکا، آج بھی کنٹرول لائن پر عملاًجنگی صورتحال جاری ہے۔بھارت کی طرف سے آئے روز جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔آزاد کشمیر پر بمباری سے درجنوں سویلین شہید ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہاموجودہ حالات میں ضرورت ہے کہ اہل کشمیر کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھی جا ئے ۔