مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے مزید دو نوجوان شہید کر دئیے،شہداء کی تعداد بڑھ کر 9ہوگئی

نوجوانوں کے قتل کیخلاف سرینگر اور دیگر علاقوں میں مظاہرے،سیدعلی گیلانی کا بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار

جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع بارہمولہ کے علاقے کرال ہار میں 2نوجوانوں کو شہید کر دیا جس سے بدھ کے روز سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 9ہوگئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کی طرف سے پورے مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے قتل اور دیگر مظالم کیخلاف جمعہ کو سرینگر، ککرناک، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے زبردست مظاہرے کیے ۔

مظاہرین نے جن کی قیادت حریت رہنما محمد یوسف نقاش، مولوی بشیر احمد، مختار احمد وازہ ،امتیاز احمد ریشی، رفیق احمد اویسی، سید محمد شفیع، امتیاز احمد شاہ، عبدالرشید اورمحمد مقبول ماگامی کر رہے تھے، بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقوں میںجمعہ کو دوسر ے روز بھی پابندیوں کا نفاذ جاری رکھا۔

پابندیوں کے باعث سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کی جاسکی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر اعظ عمر فاروق ، ہلال احمد وار ، مصدق عادل ، بلال صدیقی، ظفر اکبر بٹ، فریدہ بہن جی ، بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور دختران ملت نے اپنے بیانات میں حل ہی میںشہید کئے گئے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

سیدعلی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میںشہری آبادی پر فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی ۔ادھرضلع پلوامہ کے علاقے ترچھل میںایک دھماکے کے بعد بھارتی فوجیوں نے اشتعال میںآتے ہوئے علاقے کے رہائشیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے خواتین سمیت متعدد افرا د زخمی ہوگئے۔

گزشتہ شب ہونیوالے دھماکے میں 7 اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔ حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںفوجیوں کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی کی قراردیا۔حریت رہنمائوں آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، محمد یوسف نقاش اورجموںوکشمیراتحاد المسلمین نے اپنے بیانات میں تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نثار احمد راتھر کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔

گزشتہ ماہ ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوان عبدالرشید لون کی میت کی واپسی کیلئے جمعہ کو پلوامہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کے اہلخانہ نے کہاہے کہ جیل میں انکی حالت ابتر ہے اور نئی دلی کی تہاڑ جیل کی انتظامیہ انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہیں کر رہی ہے ۔