رانا ثناء اللہ کی نہال ہاشمی کے اداروں کیخلاف بیان کی مخالفت

نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہیں، نہال ہاشمی کو اداروں کیخلاف اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا،مرکزی رہنماء ن لیگ رانا ثناء اللہ کاردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اکتوبر 2018 17:44

رانا ثناء اللہ کی نہال ہاشمی کے اداروں کیخلاف بیان کی مخالفت
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا ثناء اللہ خاں نے نہال ہاشمی کے اداروں کیخلاف بیان کی مخالفت کردی ہے، انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہیں، نہال ہاشمی کو اداروں کے خلاف اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیرقانون پنجاب اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے اداروں کے خلاف بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نہال ہاشمی کو فوج یا ملکی اداروں کیخلاف بیان بازی نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہیں۔واضح رہے عدلیہ مخالف بیان پر ن لیگ نے نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت ختم کردی تھی۔ جس پرتوہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو جیل کی سزا بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے باوجود ایک بار پھر نہال ہاشمی نے ملک کے اداروں کے خلاف سخت بیان دے دیا ہے۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ آج ملک میں دو طرح کے طبقات کے درمیان جنگ جاری ہے ایک تو قائداعظم کے وہ بیٹے ہیں جو ملک کو آگے لے کر جانا چاتے ہیں اور ایک وہ جو اپنی باتوں، احکامات اور ہتھیاروں سے پاکستان کے لوگوں کے سینے کو چھلنی کرنا چاہتے ہیں۔

نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی 8لاکھ فوج نے ایک انچ زمین حاصل نہیں کی۔یہ صرف دکھانے کا ایٹم بم ہیں۔ صرف دکھانے کے لیے ایف 16رکھا ہوا ہے اس کو استعمال نہیں کر سکتے۔ نہال ہاشمی نے کہا اسلحہ بھی صرف دکھانے کے لیے رکھا ہوا ہے۔ دوسری جانب لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر نہال ہاشمی کے بیان پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ان میں کچھ نہال ہاشمی کے حق میں جبکہ ان میں زیادہ تر لوگ نہال ہاشمی پر فوج کیخلاف بیان پر شدید تنقید کررہے ہیں۔