ق لیگ نے حمزہ شہبازکو مشرف کا دور حکومت یاد دلا دیا

حمزہ شہبازیاد کریں جب جیل سے باہر آنے کیلئے مشرف کے دوست بریگیڈیئر نیاز کی منتیں کرتے نہیں تھکتے تھے، اعجاز بٹالوی کے ذریعے چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی کو پیغام بھجواتے تھے، دراصل ان کی تربیت ہی ایسی ہوئی ہے۔ کامل علی آغا کا حمزہ شہباز کے بیان پر تبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:40

ق لیگ نے حمزہ شہبازکو مشرف کا دور حکومت یاد دلا دیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز جیسے بچوں کی تربیت ہی ٹھیک نہیں ہوئی اگر تربیت ہی ٹھیک نہ ہو تو اس میں کسی کا قصور نہیں وہ عین اپنی تربیت کے مطابق بول رہے ہیں۔ انہوں نے حمزہ شہباز شریف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کی یادداشت کمزور ہے وہ دن یاد کریں جب پرویزمشرف کے دوست بریگیڈیئر نیاز کی منتیں کرتے نہیں تھکتے تھے کہ ہمیں جلدی باہر بھجوائیں۔

کامل علی آغا نے کہا کہ حمزہ شہبازشریف اپنے والد شہبازشریف سے پوچھیں ان کی یادداشت ٹھیک ہو گی جب انہوں نے اعجاز بٹالوی کے ذریعے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کو پیغام دیا تھا کہ ہماری ضمانت جلدی کروائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو جیل میں دو دن نہیں رہ سکتے وہ کس منہ سے باتیں کرتے ہیں۔ واضح رہے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کہ اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی تصویرجعلی ہے، یہ جعلی اسپیکر کا جعلی اقدام تھا ،ہمارے ممبران کی تضحیک کی جائیگی تو بھرپور احتجاج کریں گے جبکہ حکومت نے منانے کی بجائے اپوزیشن کی عدم موجودگی میں ہی مالی سال 2018-19ء بجٹ پر بحث کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق 16 اکتوبر کو بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں بدنظمی کے بعد اسپیکر پرویز الٰہی نے موجودہ سیشن میں (ن) لیگ کے 6 اراکین کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔ پابندی کے حامل ارکان میں محمد مرزا جاوید، طارق مسیح گِل، ملک محمد وحید، محمد اشرف رسول، محمد یاسین عامر اور زیب النسا اعوان شامل ہیں۔پابندی کے حامل 6 ارکان کی تصاویر بھی اسمبلی سکیورٹی سٹاف کو جاری کی گئی ہیں اور سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے مذکورہ 6ارکان ایوان میں آنے نہ پائیں۔

اسپیکر کا کام ہوتا ہے کہ اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلے مگر ایوان میں ایک ایسا شخص اسپیکر کی کرسی پر براجمان ہے، جس نے ہمارے 12 ووٹ چوری کیے اور سپیکر بن گیا ،پرویز الٰہی تھانیدار کا کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے خواتین کے لیے بھی توہین آمیز لفظ استعمال کیا۔ یہ اسپیکر نہیں ہیں، ان کا پہلا قائد نواز شریف تھا اور پھر پرویز مشرف بن گئے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وثوق سے کہتا ہوں کہ اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی تصویرجعلی ہے، اسمبلی میں ہنگامی آرائی کی جعلی تصویر جاری کی گئی، یہ جعلی اسپیکر کا جعلی اقدام تھا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کرسی والی تصویر کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے۔انہون نے کہا کہ جن ارکان کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ان کا استحقاق مجروح ہوا، ہمارے ممبران کی تضحیک کی جائیگی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ پہلے ہمارے ارکان کو ایوان میں لایا جائے۔ جب تک ہمارے ارکان کی معطلی کا حکم واپس نہیں ہوگا ایوان میں نہیں جائیں گے۔