پاکستان خطے میں طویل المدتی امن و استحکام کے حصول کیلئے افغانستان کیساتھ کام جاری رکھے گا، علاقائی امن و اقتصادی ترقی افغانستان میں مکمل امن و استحکام سے منسلک ہے، افغانستان میں پارلیمانی انتخابات ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اہم ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ٹیلی فون پر گفتگو

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں طویل المدتی امن و استحکام کے حصول کیلئے افغانستان کیساتھ کام جاری رکھے گا، علاقائی امن اور اقتصادی ترقی افغانستان میں مکمل امن و استحکام سے منسلک ہے، افغانستان میں پارلیمانی انتخابات ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اہم ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ باتیں جمعہ کو اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ وزیر خارجہ نے گزشتہ روز قندھار میں دہشت گرد حملے میں گورنر، پولیس اور انٹیلی جنس سربراہ سمیت سینئر افغان رہنمائوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے اللہ تعالی سے دعا کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین اور عزیزوں کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنے افغان بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے اور انکے دکھ اور درد میں برابر کا شریک ہے۔وزیر خارجہ قریشی نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں طویل المدتی امن و استحکام کے حصول کیلئے افغانستان کیساتھ کام جاری رکھے گا،جس کیلئے افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں پارلیمانی انتخابات پر امن ماحول میںہونگے۔

انہوں نے اپنے افغان ہم منصب کو جمہوری عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔افغان وزیر خارجہ نے پارلیمانی انتخابات میں تعاون کیلئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پر امن انتخابات کے انعقاد میں افغان حکومت کو درپیش مشکلات کے بارے میں بریف کیا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے اور قیام امن کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔