Live Updates

وزیراعلیٰ آفس میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جدید شکایت سیل بنایاجائے گا،خود مانیٹرنگ کروں گا‘عثمان بزدار

میرا اپنے عوام کیساتھ رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے، ورثے میں تباہ حال معیشت ملی،مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گا شفافیت، سادگی اور کفایت شعاری تحریک انصاف کا طرئہ امتیاز ہے، ہم نے ہر کام میرٹ پر کیا ہے اور میرٹ پر ہی کریں گے سابق دور کھوکھلے نعروں اور نمائشی منصوبوں کا دور تھا، جو کام کرکے عوام کی خدمت کر ے گا وہی عہدے پر رہے گا‘ وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کے مسائل میرے اپنے مسائل ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جدید شکایت سیل بنایاجائے گا اورشکایت سیل کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔ میرا اپنے عوام کے ساتھ رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی۔

مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گااور جلد عوام کی عارضی مشکلات دو ر ہوںگی کیونکہ ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور عملی اقدامات کرتے ہیں۔ وہ وزیر اعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، اراکین اسمبلی،تحریک انصاف کے رہنماؤں اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق دور کھوکھلے نعروں اور نمائشی منصوبوں کا دور تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ جو کام کرکے عوام کی خدمت کر ے گا وہی عہدے پر رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں مثبت تبدیلی کی علامت بن چکی ہے۔ بجٹ میں عام آدمی کی ضروریات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، سادگی اور کفایت شعاری تحریک انصاف کا طرئہ امتیاز ہے۔ ہم نے ہر کام میرٹ پر کیا ہے اور میرٹ پر ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی اس صوبے میں کوئی گنجائش نہیں۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن حکومت کی توجہ عوامی مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔

اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کررہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین اپنا سیاسی مستقبل تاریک دیکھ کرخوف زدہ ہوچکے ہیں ۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی فلاح وبہبود کا ہر وعدہ نبھائیںگے۔پاکستان کے ساتھ ساتھ پنجاب بھی بدل رہا ہے اورتبدیلی کا وعدہ پورا ہوگا ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، اراکین صوبائی اسمبلی سید صمصام علی شاہ بخاری، احمد علی اولکھ،صاحبزادہ غزین عباسی،محمد عاطف ،عمر آفتاب ڈھلوں،خرم اعجاز چٹھہ، میاں خالد محمود،مسز شمیم آفتاب،عفت فردوس رائے ،مومنہ وحید ،زارا نقوی اور سابق ضلعی ناظم ساہیوال رائے حسن نواز شامل تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات