وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز کی تعدادبڑھانے کی منظور ی دے دی

اراضی سینٹرز کو مرحلہ وارقانونگوئی تک بڑھایا جائیگا،پہلے مرحلے میںقانونگوئی کی سطح پر 102نئے اراضی سینٹرزبنیںگے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اراضی سینٹرز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کے اجلاس میںلینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں اراضی سینٹرز کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت اراضی سینٹرز کے دائرہ کار کو قانونگوئی تک بڑھایا جائے گا۔پہلے مرحلے میںقانونگوئی کی سطح پر 102نئے اراضی سینٹرزقائم کیے جائیں گے ۔ 20موبائل وین خرید کرانہیں موبائل اراضی سینٹرزمیں تبدیل کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

موبائل وین اراضی سینٹر ز کو عوام کی ضروریات کے مطابق دوردرازعلاقوں میں بھیجا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ نئے اراضی سینٹرزکیلئے جگہ کی نشاندہی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔نئے سینٹرزبنانے کیلئے تیزی سے کام کیا جائے ۔یہ پروگرام عام آدمی کوسہولتیں فراہم کرے گا۔اراضی سینٹرزکی تعداد میں اضافے سے عوام کو یقینی ریلیف ملے گا۔وزیراعلیٰ نے موبائل وینز کی خریداری اورقیمت کے تعین کے حوالے سے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے نئے سینٹرز کے قیام کیلئے کوئی کسراٹھانہ رکھیں۔صوبائی وزراء ملک محمد انور،ہاشم جواں بخت ،چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ ،کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔