نہال ہاشمی اپنے متنازعہ بیان سے مکر گئے

پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے اور ہمارے فخر کا باعث ہے،میرے بیان کو غلط رنگ میں پیش کیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:14

نہال ہاشمی اپنے متنازعہ بیان سے مکر گئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اکتوبر 2018ء) نہال ہاشمی اپنے متنازعہ بیان سے مکر گئے۔نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی متنازعہ بات نہیں کی اور میرے بیان کو غلط انداز سے پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے آج ایک بار پھر کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔نہال ہاشمی نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر کوئی اور قابض بیٹھا ہوا ہے۔

آپ کے وسائل سے کوئی اور عیش کر رہا ہے۔آج ملک میں دو طرح کے لوگوں کے درمیان جنگ جاری ہے ایک تو قائداعظم کے وہ بیٹے ہیں جو ملک کو آگے لے کر جانا چاتے ہیں اور ایک وہ جو اپنی باتوں ،احکامات اور ہتھیاروں سے پاکستان کے لوگوں کے سینے کو چھلنی کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی 8لاکھ فوج نے ایک انچ زمین حاصل نہیں کی۔یہ صرف دکھانے کا ایٹم بم ہیں۔

صرف دکھانے کے لیے ایف 16رکھا ہوا ہے اس کو استعمال نہیں کر سکتے۔نہال ہاشمی نے کہا اسلحہ بھی صرف دکھانے کے لیے رکھا ہوا ہے۔تاہم اس حوالے سے نہال ہاشمی کا وضاحتی بیان آ گیا ہے۔نہال ہاشمی نے ایک بار پھر سارا ملبہ میڈیا پر ڈال دیا اور اپنے بیان سے مکر گئے۔انکا کہنا تھا کہ میں نے فوج کے خلاف بیان نہیں دیا اور میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔انکا کہنا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ فوج ہماری فوج ہے اور ہمارے فخر کا باعث ہے۔انکا کہنا تھا کہ میں نے ایف 16 اور ایٹم بم کی بات کسی اور تناظر میں کی تھی لیکن اس کو سیاق و اسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔