دیر پا امن کیلئے قبائلی عوام کو اتفاق واتحاد کامظاہرہ کرنا ہوگا، بریگیڈئیر شہزاد اکرم

جمعہ 19 اکتوبر 2018 19:30

ہنگو۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) سیکٹر کمانڈراورکزئی بریگیڈئیر شہزاد اکرم نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع اورکزئی میں دیر پا امن کیلئے قبائلی عوام کو اتفاق واتحاد کامظاہرہ کرنا ہوگا‘ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان دنیا بھر سے سبقت لے گیا‘ امن و امان کی راہ سے رکاوٹیں ہٹانے کے لئے بیش بہا قبانیاں دی گئیں‘ امن اور ترقی کی منزل پانے کے لئے میڈیا کا مثبت کردار نہایت اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورکزئی سیکٹرہیڈ کوارٹر غلجواورکزئی میں ہنگو اور اورکزئی کے صحافیوںپر مشتمل ایک نمائندہ وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔شہزاد اکرم نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت، لسانیت کی بنیاد پر پاکستان میں مسلمانوں کو آپس میں تقسیم در تقسیم کرنیکی ناپاک سازشوں سے مذہبی منافرت پھیلانے کے ساتھ ساتھ شر پسندی کے تمام تر حربے استعمال کر رہی ہیں مگرپاکستانی دھرتی کے محب وطن عوام نے ہمیشہ عظیم قربانیاں دیکر سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے قومی جزبے اور حب الوطنی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائل محب الوطن ہے ،اورکزئی قبائل قوم ماموزئی اور قوم علی خیل خاندانوں کی 7ہزار متاثرین آبائی علاقوں کو واپسی کا تیسرا فیز 26 اکتوبر 2018سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اورکزئی علاقوں میں قبائلی عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی آباد کاری اورفعالیت پر فورسز نے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جس سے اورکزئی ایجنسی میں تعلیم صحت کے شعبے اور مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی مشران اور عوام سرکاری اداروں کو مزید فعال بنانے، بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت سمیت مستقبل کا معمار بنانے کے لئے کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عظیم قربانیاں تا حیات یاد رکھی جائیں گی۔